فیکٹری حادثہ ، 97 افراد کو ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا

جمعرات 5 نومبر 2015 11:09

فیکٹری حادثہ ، 97 افراد کو ملبے تلے سے زندہ نکال لیا گیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5نومبر2015ء) لاہور میں فیکٹری کی عمارت گرنے سے17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، زندہ نکالے جانے والے افراد کی تعداد 97 ہوگئی ۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ 17 گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کی امدادی ٹیم بھی شریک ہے ۔ ملبے تلے بچوں سمیت اب بھی کئی افراد دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔ اپنے بچوں اور اہلخانہ کیلئے دو وقت کی روٹی کمانے کیلئے گئے افراد کو کیا خبر تھی کہ اُن پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑے گئی ۔

سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کی عمارت کیا ڈھیر ہوئی کئی خواب چکنا چور ہو گئے ۔ حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں ۔ فوج ، ریسکیو اہلکار اور بحریہ ٹاؤن کی ٹیموں نے ملبے سے کئی زخمیوں کو نکالا ۔

(جاری ہے)

رات بھر لوگ دیوانہ وار اپنے پیاروں کو ڈھونڈتے رہے ۔ انہیں زندہ دیکھنے کی آرزو میں ملبے کے قریب موجود افراد کی آنکھیں پتھرا گئیں ۔

امدادی کاموں میں مصروف ٹیموں کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو زندہ سلامت ملبے سے نکال لیا جائے ۔ کنکریٹ کے ملبے میں پھنسی زندگیوں کی مدد کیلئے فوج کی 38 رکنی ٹیم امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے ۔ پاک فوج کی ٹیم بھاری مشینری بھی اپنے ہمراہ لے کر آئی ہے جن میں ملبہ اٹھانے کے لیے دو ہائیڈرالک جیک ، 2 جنریٹرز ، ایکسویٹرز ، ڈمپرز اور ایمبولینسز بھی شامل ہیں جن کے ہمراہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے دو سراغ رساں کتے بھی ہیں ۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور میجر جنرل طارق امان نے جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ریسکیو کارروائیوں کو مانیٹر کیا ۔ امدادی کاموں میں شہری بھی کسی سے پیچھے نہیں اور کئی جانیں بچائیں لیکن کئی چراغ گل بھی ہوگئے ۔