شاہ رخ کے بارے میں فضول باتیں بند کی جائیں‘ انوپم کھیر

جمعرات 5 نومبر 2015 11:57

شاہ رخ کے بارے میں فضول باتیں بند کی جائیں‘ انوپم کھیر

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔5 نومبر۔2015ء)بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے اپنے ساتھی اداکار شاہ رخ خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کچھ اراکین اپنی زبان پر قابو رکھیں اور شاہ رخ خان کے بارے میں فضول باتیں کرنا بند کریں۔یاد رہے کہ بی جے پی کے رہنما کیلاش وجے وارگیا نے کنگ خان کے ہندوستان میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کے حوالے سے بیان کے بعد اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے سپر سٹار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان رہتے ہندوستان میں ہیں لیکن ان کا دل ہمیشہ پاکستان میں رہتا ہے، ان کی فلمیں یہاں کروڑوں روپے کماتی ہیں لیکن انہیں ہندوستان پرتشدد نظر آتا ہے۔اس بیان کے بعد اداکار انوپم کھیر نے بی جے پی پارٹی پر اپنے ٹوئٹر بیان میں شدید غصے کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا ’بی جے پی کے کچھ اراکین اپنی زبان پر قابو رکھیں اور شاہ رخ کے بارے میں فضول باتیں کرنا بند کریں۔ وہ قومی آئکن ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے۔اس سے قبل انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد کی رہنما سادھوی پراچی نے بھی شاہ رخ خان کو ان کے بیان پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے خلاف ایسی بات کرنے والا ہندوستانی نہیں ہوسکتا، شاہ رخ خان پاکستانی ایجنٹ ہیں۔