جان سٹیورٹ کا ایچ بی او کے ساتھ معاہدہ

جمعرات 5 نومبر 2015 13:45

جان سٹیورٹ کا ایچ بی او کے ساتھ معاہدہ

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔5 نومبر۔2015ء) امریکہ کے مقبول ٹی وی پروگرام دی ڈیلی شو کے سابق میزبان جان سٹیورٹ نے معروف ٹیلی ویڑن نیٹ ورک ایچ بی او کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت وہ نیٹ ورک کی انٹرنیٹ سروسز کے لیے مختلف موضوعات پر ویڈیوز تیار کریں گے۔ وہ ویڈیوز ایچ بی او نیٹ ورک کی سٹریمنگ سروسز ایپس، ایچ بی او ناوٴ اور ایچ بی او گو اور دیگر پلیٹ فارمز سے نشر کی جائے گیں۔

چار سالہ معاہدے میں مزید روایتی ٹیلی ویڑن منصوبوں کے امکانات بھی شامل ہیں۔ سٹیورٹ نے رواں سال اگست میں ہر رات پیش کیے جانے والے طنز ومزاح پر مبنی نیوز شو کی میزبانی سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ ایک بیان میں ایچ بی او نے کہا کہ ’سٹیورٹ حالیہ واقعات کو اپنے منفرد نقطہ نظر سے دیکھیں گے۔

(جاری ہے)

‘ ایچ بی او نے اپنے اس منصوبے کے آغاز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن نیٹ ورک کے حکام نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ منصوبے کو اگلے سال شروع ہونا چاہیے۔

نیٹ ورک کے مطابق سٹیورٹ ایک گرافکس کمپنی کے ساتھ مل کر مختصر دورانیے پر مبنی مواد بنائیں گے جسے ایک دن میں کئی مرتبہ ریفریش کیا جائے گا۔

سٹیورٹ نے ایچ بی او کے ایک بیان میں از راہِ مذاق کہا کہ ’ہر رات 22 منٹ تک ٹیلی ویڑن پر نظر آنا نے مجھے واضح طور پر توڑ کر رکھ دیا تھا۔ میں پراعتماد ہوں کہ میں وقتا فوقتا چند لمحوں پر مبنی مواد تخلیق کر سکتا ہوں۔

‘ روایتی نیٹ ورک مختلف نوواردوں جیسے انٹرنیٹ پر ٹی وی پروگرام اور فلمیں دکھانے والی امریکی کمپنی نیٹ فلکس اور ایمازون پرائم ویڈیوز کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی انٹرنیٹ سٹریمنگ سروسز پر زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ پیر کو سی بی ایس نے ایک نئی سٹار ٹریک ٹی وی سیریز کا اعلان کیا ہے جسے خصوصی طور پر اس کی سٹریمنگ سروس پر نشر کیا جائے گا اور اس کا آغاز 2017 میں ہو گا۔

سٹیورٹ کے اگلے کریئر کے متعلق اس وقت قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں جب انھوں نے فروری میں اپنے ڈیلی شو کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ سٹیورٹ نے یہ نہیں بتایا تھا کہ وہ اس کے بعد کیا کرنے والے ہیں۔ ڈیلی شو کو چھوڑنے کے بعد سے انھوں نے کئی خیراتی (چیریٹی) مقاصد کے لیے کام کیے۔ انھوں نے اپنے دوست اور ڈیلی شو کے پرانے اور تجربہ کار میزبان سٹیفن کولبرٹ کے نئے چیٹ شو کے پہلے پروگرام میں خصوصی طور پر شرکت کی تھی۔