شارجہ ٹیسٹ :پاکستان نے انگلینڈ کو 127رنز سے ہرا کر سیریز 2-0سے اپنے نام کر لی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 5 نومبر 2015 14:33

شارجہ ٹیسٹ :پاکستان نے انگلینڈ کو 127رنز سے ہرا کر سیریز 2-0سے اپنے نام ..
شارجہ(اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار5نومبر۔2015ء ) پاکستان نے انگلینڈ کو 127رنز سے شکست دے کر شارجہ ٹیسٹ اپنے نام کر کے 3میچز کی سیریز 2-0سے اپنے نام کر لی ہے ۔

ٹیسٹ کے آخری روز انگلینڈ نے دوسری اننگز 46رنز 2وکٹوں کے نقصان پر شروع کی تو اس کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح بکھرنا شروع ہوگئیں ، جوروٹ 6، جیمز ٹیلر 2اور سمت پٹیل اور جونی بیئر سٹو بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے ، عادل رشید نے کپتان کک کے ہمراہ مزاحمت کی تاہم راحت علی نے 22کے انفرادی سکور پر عادل رشید کی وکٹیں بکھیر دیں ۔

(جاری ہے)

کھانے کے وقفے کے بعد سٹورٹ براڈ20رنز بنا کر یاسر شاہ کو سویپ کرنے کی کوشش میں جکڑے گئے ،برطانوی کپتان الیسٹر کک کی مزاحمت بھی 63رنز پر جواب دے گئی اور وہ شعیب ملک کی گیند پر آگے بڑھ کر سرفراز احمد کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوگئے ۔

زخمی بین سٹوکس 12رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے اور انگلینڈ کو پوری ٹیم 156رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی جس کے ساتھ ہی پاکستان نے شارجہ ٹیسٹ 127رنز سے جیت کر سیریز 2-0سے اپنے نام کرلی ۔ انگلینڈ کی جانب سے الیسٹر کک 63اور معین علی اور عادل رشید 22رنز کیساتھ نمایا ں بلے باز رہے ، پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شعیب ملک نے 3، ذوالفقار بابر نے 2اورر احت علی نے 1کھلاڑی آؤٹ کیا۔

محمد حفیظ کو دوسری اننگز میں سنچری پر میچ اور لیگ سپنر یاسر شاہ کوصرف 2میچوں میں 15وکٹیں حاصل کر نے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ سیریز میں 2-0کی کامیابی حاصل کر کے پاکستان آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں جولائی 2006ء کے بعد پہلی بار دوسرے نمبر آگیا ہے جب کہ انگلینڈ کی چھٹی پوزیشن پر تنزلی ہوئی ہے،گرین شرٹس نے بنگلہ دیش ، سری لنکا اور انگلینڈ کو ٹیسٹ سیریز ہرا کر ہیٹرک بھی مکمل کی ۔اس سے قبل 2012ء کی سیریز میں بھی پاکستان نے انگلینڈ کو 3-0سے وائٹ واش کیا تھا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمو ں کے مابین پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔