ٹاپ سیڈ محمد آصف نے قومی رینکنگ اسنوکر ٹائٹل جیت لیا،فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد محمد ماجد علی کو 8-4 سے شکست دیدی

جمعہ 6 نومبر 2015 20:14

ٹاپ سیڈ محمد آصف نے قومی رینکنگ اسنوکر ٹائٹل جیت لیا،فائنل میں سنسنی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔6 نومبر۔2015ء) ٹاپ سیڈ محمد آصف نے ایک زبردست اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیڈ 16 اور سابق قومی چیمپئن محمد ماجد علی کو 8-4 سے شکست دے کر قومی رینکنگ اسنوکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی رینکنگ اسنوکر ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹرافی کے لیے زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا، سابق عالمی چیمپئن فیصل آباد کے محمد آصف کے خلاف سابق ایشین نمبر 2 و سابق قومی چیمپئن محمد ماجد علی نے حیران کن کھیل کا مظاہرہ کرکے تماشائیوں کو ششدر کیے رکھا، ایک موقع پر ماجد علی کو3-1 کی برتری حاصل تھی جب کہ 8 ویں فریم میں مقابلہ 4-4 سے برابر ہو گیا تھا، اس کے بعد سابق عالمی چیمپئن نے اعصاب شکن کھیل میں اپنی سبقت ثابت کی اور مسلسل اگلے چاروں فریم جیت کر 8-4 سے مقابلہ اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

محمد آصف نے فائنل میں 69-75، 78-26، 44-57، 31-90، 74-67، 68-20، 66-32، 30-58، 64-62، 87-0، 69-42 اور 77-14 سے کامیابی پائی، انھوں نے ٹرافی کے ساتھ 60 ہزار روپے کا انعام بھی حاصل کیا، رنر اپ رہنے والے محمد ماجد علی نے 35 ہزار روپے وصول کیے، عالمی نمبر 2 و سابق ایشین چیمپئن محمد سجاد کو 134 کا سب سے بڑا بریک کھیلنے پر5 ہزار روپے کا خصوصی انعام ملا، سیمی فائنل میں ہمت ہارنے والے بابر مسیح اور محمد بلال 15, 15 ہزار روپے کا انعام پانے میں کامیاب رہے۔

مہمان خصوصی کمشنر کراچی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسنوکر کا کھیل ملک میں تیزی سے فروغ پارہا ہے۔ کراچی میں انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد سے عالمی سطح پر ملک اور شہر کے حوالے سے مثبت تاثر ابھرا، امید ہے کہ پاکستان اسی ماہ مصر میں شیڈول عالمی چیمپئن شپ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے گا، قومی کھلاڑیوں کی انعامی رقوم کے حوالے سے حکومت سے رجوع کیا جائے گا، قومی ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہاکہ کراچی میں اسنوکر اکیڈمی کے قیام کے لیے کوششوں کو تیز کریں گے۔