آل راونڈر عبد الرزاق کا فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ہفتہ 7 نومبر 2015 15:48

آل راونڈر عبد الرزاق کا فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار7نومبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم سے مسلسل نظرانداز کئے جانے پر آل راؤنڈر عبدالرزاق نے زرعی ترقیاتی بنک سے استعفیٰ دینے کے ساتھ ساتھ فرسٹ کلاس کرکٹ سے بھی کنارہ کشی کا اعلان کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق عبدالرزاق نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اپنے بینک کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بینک ڈومیسٹک سیزن کے لئے کسی نوجوان کھلاڑی کو ان کی جگہ نوکری دے سکے ۔

ذرائع کے مطابق 35 سالہ عبدالرزاق نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹیوں کی جانب سے مسلسل پانچ سالوں سے نظرانداز کئے جانے پر مستقل بنیادوں پر انگلینڈ میں شفٹ ہونے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہیں پر رہ کر لیگ کھیل سکیں ۔ عبدالرزاق نے گذشتہ روز باقاعدہ اپنے ادارے زرعی ترقیاتی بنک کو اپنا استعفیٰ دیدیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 35 سالہ عبدالرزاق کو گذشتہ 9 سال سے ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے جب کہ ایک روزہ کرکٹ میں آخری مرتبہ انہیں نومبر 2011ء میں سری لنکا کے خلاف موقع دیا گیا تھا ، دیگر تجربہ کار کھلاڑیوں شعیب ملک، یونس خان سمیت ایسے کئی کھلاڑی ہیں جنہیں وقفے وقفے سے قومی ٹیم میں موقع دیا جاتا رہا ہے تاہم عبدالرزاق مسلسل نظر انداز کئے جاتے رہے ہیں ۔

عبدالرزاق نے 123 فرسٹ کلاس میچز میں 32.55 کی اوسط سے 5371 رنز سکور کیے جس میں 8 سنچریاں اور 29 نصف سنچریاں شامل ہیں جب کہ آل راونڈر نے 31.42 کی اوسط سے 355وکٹیں بھی حاصل کررکھی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :