موہالی ٹیسٹ ، بھارت جنوبی افریقہ کو 108 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی

ہفتہ 7 نومبر 2015 16:30

موہالی ٹیسٹ ، بھارت جنوبی افریقہ کو 108 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 ..

چندی گڑھ (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار7نومبر۔2015ء ) بھارت نے موہالی ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کو جیت کے لئے 218 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 109 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد میزبان بھارت کو 4 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے ۔ موہالی کے پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ کھیل کے تیسرے روز ہی ہوگیا اور پرخطر پچ پر دونوں ٹیموں کی جانب سے بیٹنگ لائن ناکام رہی لیکن بولنگ کے شعبے میں بھارت کی سپن بولنگ کامیاب رہی ۔

میچ کے تیسرے روزبھارت کی پوری ٹیم دوسری اننگزمیں 200 رنز پر ڈھیر ہوگئی جس کے بعد مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 218 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم صرف 109 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ بھارتی سپن جادو کے سامنے جنوبی افریقہ کا کوئی بلے باز کریز پر نہ کھڑا ہوسکا اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی پویلین کی راہ دیکھتا رہا، سب سے زیادہ سیتائن وین زیل 36، ڈین ایلگراور اے بی ڈویلئیرز 16 ، 16 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ورنن فلینڈر اور فاف ڈپلوسی 1 ، 1 ، کپتان ہاشم آملہ صفر ،ڈین ویلاز 7 ، سیمن ہارمر11 ، ڈیل سٹین 2 اور عمران طاہر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے روندرا جدیجا نے 5، روی چندرن ایشون نے 3، امیت مشرا اور ورون ایرن نے 1 ، 1 وکٹ حاصل کی ۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر روندرا جدیجا کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا ۔ واضح رہے کہ بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں 201 اور دوسری میں 200 رنز بنائے تھے جب کہ مہمان جنوبی افریقا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی ۔