غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کامظہر ہے، سرمایہ کاری کی ترغیب کے لئے سیمینار سے خوش کن نتائج برآمد ہونگے،ظہیر بھٹہ

اتوار 8 نومبر 2015 16:43

لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی کے چیئرمین ظہیر بھٹہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں منعقدہ بین الاقوامی ٹیلنٹ اور سرمایہ کی ترغیب کے لئے سیمینار سے خوش کن نتائج برآمد ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ دو روزہ سیمینار میں ملکی اور دوست ممالک کے غیر ملکی مندوبین ،بین الاقوامی اداروں کے نمائندگان، کنسلٹنٹس، عالمی مالیاتی اداروں ، سرمایہ کاروں اور قومی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرسے سٹیک ہولڈر کی شرکت نے اس سیمینار کو کامیاب بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ایسے سیمینار ملک کے اندر سرمایہ کاری میں معاون و مدد گار ثابت ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ سرمایہ کاری کی ترغیب کے لئے حکومتی سطح پر سیمینار سے کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی اور یہ سیمینار صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کامظہر ہے اور ملکی معیشت میں مثبت تبدیلی آ رہی ہے نیزملک میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ہی سرمایہ کاری کی ضامن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توانائی انفراسٹرکچر، انڈسٹریل زون ڈیویلپمنٹ سمیت دیگر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے خوش آئند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے اورتوانائی بحران پر قابو پانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔