ڈاکٹروں کی اکثریت حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی حامی،خالی آسامیاں ہنگامی بنیادوں پر پُر کریں گے،شہرام ترکئی

اتوار 8 نومبر 2015 16:59

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8 نومبر۔2015ء)خیبر پختونخوا کے سنیئر وزیر و وزیر صحت شہرام خان ترکئی نے کہاہے کہ ڈاکٹروں کی اکثریت صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کی حمایت کرتی ہے مگر مٹھی بھر عناصر ذاتی مفادات کیلئے ان کی مخالفت کررہے ہیں ۔حکومت صحت کے شعبے میں ایسا نظام لانا چاہتی ہے جس سے مریضوں اور عوام کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کا بھی فائدہ ہو۔

وہ پشاور میں ڈاکٹروں کی تنظیم کے ایک وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے اُن کے دفتر میں اُن سے ملاقات کی اور صحت کے شعبے میں موجودہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی اقدامات پر عملدرآمد اور اس سلسلے میں ڈاکٹر برادری کے کردار پر تبادلہ خیال کیا ۔وزیر صحت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں صوبے کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کو پوری کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں اور اس سلسلے میں ایف سی پی ایس پاس نوجوانوں کوواک ان انٹرویو کے ذریعے بطور کنسلٹنٹس ڈاکٹر بھرتی کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

نئے بھرتی ہونے والے ان کنسلٹنٹس( ڈاکٹروں) کو اُن کی مرضی کے ہسپتالوں میں تعینات کیا جائے گا اور اُنہیں پُر کشش تنخواہ اور مراعات دی جائیں گی جس کے لئے اگلے چند دنوں کے اندر اخبارات میں اشتہارات دیے جائیں گے ۔ انھوں نے وفد کو بتایا کہ تدریسی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کے ساتھ ساتھ ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتالوں اور دیگر طبی مراکز میں تعینات ڈاکٹروں کو دوگنا اور تین گنا تنخواہیں اور مراعات دی جارہی ہیں جس کے لیے سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال کردی گئی ہے ۔

اُنہوں نے بتایا کہ صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے لئے ڈسٹرکٹ اسپیشلسٹ کے علاوہ 900نرسز اور 500پیرا میڈکس اسٹاف بہت جلد بھرتی کیا جائے گا جس کے لئے صوبائی پبلک سروس کمیشن سے این او سی حاصل کر لیا گیا ہے اوراگلے ایک دو دنوں میں ان آسامیوں کو بھی مشتہر کیا جائے گا۔شہرام تراکئی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت کسی فرد یا ڈاکٹر کے خلاف نہیں بلکہ اُس سوچ کے خلاف ہے جو تبدیلی کی راہ میں روڑے اٹکا ہے ہیں اور اُس نظام کا تسلسل چاہتے ہیں جس نے گذشتہ 65سالوں میں غریب عوام کو کوئی ریلیف نہیں پہنچایا۔

ڈاکٹرز حکومتی ٹیم کا حصہ ہیں اور لوگوں کو طبی خدمات کی فراہمی میں اُن وہ کردار ہے جو ایک عمارت میں ستون کا ہوتا ہے ۔ صوبائی وزیر نے ڈاکٹر برادری پر زور دیا کہ وہ صحت کے شعبے میں حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کرے ۔ وفد کے اراکین نے صحت کے شعبے میں اُٹھائے جانے والے حکومتی اقدامات کو ڈاکٹر برادری، عوام اور حکومت سب کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے ان کو کامیاب بنانے کے لئے اپنی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔