پریکٹس میچ: پاکستان نے نیپال کو شکست دیدی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 8 نومبر 2015 19:02

پریکٹس میچ: پاکستان نے نیپال کو شکست دیدی

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔8نومبر۔2015ء)پاکستان نے نیپال کو متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں 121 رنز سے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق نیپال نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس کی جانب سے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیپال کو جیت کے لیے 327 رنز کا ہدف دے دیا۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی 73، شعیب ملک 63 اور محمد حفیظ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیپال کی جانب سے بسنت ریگمی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

(جاری ہے)

جواب میں نیپالی ٹیم اپنے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بناسکی۔ نیپال کی جانب سے انیل مندال 61 جبکہ گایندرا مالا 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے انور علی دو جبکہ یاسر شاہ، وہاب ریاض اور احمد شہزاد ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ خیال رہے کہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز شروع ہونے سے قبل یہ پاکستان کا واحد پریکٹس میچ تھا۔ انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان چار میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا آغاز گیارہ نومبر سے ہورہا ہے جس کے بعد تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ پاکستان ٹیسٹ سیریز میں پہلے ہی انگلینڈ کو دو-صفر سے شکست دے چکا ہے۔