ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں خصوصی موٹو بائیک ٹریک تیار ، ٹریک کا مقصد نوجوانوں کو سڑکوں پر خطرناک کرتب بازی سے باز رکھنا ہے ،ڈی جی آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن

اتوار 8 نومبر 2015 22:09

ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں خصوصی موٹو بائیک ٹریک تیار ، ٹریک کا مقصد ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔8نومبر۔2015ء)آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے نوجوانوں کو غیر محفوظ ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ جیسے جان لیوا کھیل سے بچانے کے لئے محفوظ ٹریک مہیا کر دیا۔ڈائریکٹر جنرل آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) گل زمان نیازی نے بتایا کہ ایوب نیشنل پارک راولپنڈی میں خصوصی موٹو بائیک ٹریک تیار کیا گیا ہے جہاں پر نوجوان ون ویلنگ اور ڈرفٹنگ کا شوق پورا کر سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ موٹو بائیک ٹریک کے قیام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو سڑکوں پر خطرناک کرتب بازی سے باز رکھ کر ان کی صلاحیتوں کو محفوظ انداز میں اجاگر کرنا ہے ۔انہوں نے بتایاکہ آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن رواں ماہ میں موٹو کراس بائیک چیلینج کے مقابلوں کا انعقاد بھی کررہا ہے جس میں پورے ملک سے نوجوانوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن نے کہا ہے کہ ادارے کی یہ کوشش ہے کہ نوجوان نسل بالخصوص بچوں کو کھیل کود کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیئے جائیں اور اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے سکولوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو نیشنل ایوب پارک میں موجود مختلف کھیل کے میدانوں میں کھیلوں کے لئے سہولت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ ان میں حصہ لے کر تندرست و توانا رہ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو جسمانی طور مضبوط اور توانابنانے اور انہیں سیلف ڈیفنس کی تربیت دینے کے لئے تائیکوانڈو کی کلاسز کا اجراء بھی جلد کر دیا جائے گا- گل زمان نیازی نے مزید بتایا کہ آرمی ہیریٹیج فاؤنڈیشن جلد ہی نوجوانوں اور بچوں کے لئے ماؤنٹین بائیکنگ (Mountain Biking) کے کھیل کے لئے بھی خصوصی ٹریک تیار کرے گی۔