الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کرانے کے لئے شیڈول جاری کر دیا ٗ23دسمبر کو پولنگ ہوگی

صوبہ سندھ کی یونین کونسلوں، یونین کمیٹیوں اور کمیٹیوں کے انتخابات 14 نومبر کو دوبارہ کرانے کے لئے شیڈول جاری

پیر 9 نومبر 2015 19:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ 154 لودھراں میں ضمنی انتخاب کرانے کے لئے شیڈول جاری کر دیا ہے 23دسمبر کو پولنگ ہوگی ۔ شیڈول کے مطابق امیدوار 19 سے 20 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرا سکتے ہیں جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال 26 اور 27 نومبر کو ہوگی۔ امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف ٹربیونلز میں اپنی اپیلیں 30 نومبر تک داخل کرا سکتے ہیں۔

ٹربیونلز 4 دسمبر تک اپیلوں پر فیصلہ کریں گے۔ امیدوار 7 دسمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں اور 8 دسمبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی۔ دریں اثناء الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کے لئے ضلعی ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی بھی تقرری کی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صوبہ سندھ کی یونین کونسلوں، یونین کمیٹیوں اور کمیٹیوں کے انتخابات 14 نومبر کو دوبارہ کرانے کے لئے شیڈول جاری کیا ہے جہاں انتخابی عمل بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلہ میں 31 اکتوبر کو ختم ہوا تھا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابات کے انعقاد کے لئے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی سیکشن 34 کے تحت آرڈرز جاری کئے ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق دوبارہ انتخابات گھوٹکی، خیرپور، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ میں ہوں گے۔ انتخابات مختلف وجوہات کی بناء پر ملتوی ہوئے تھے جن میں تصادم، بیلٹ پیپرز کی عدم موجودگی اور عدالتی معاملات شامل ہیں۔