بزنس مین پینل کا ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں ایس ایم منیرکی مداخلت رکوانے کے لیئے اعلیٰ عدلیہ سمیت تمام فورم سے رجوع کرنے کافیصلہ

پیر 9 نومبر 2015 22:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء)وفاق ایوانہائے صنعت وتجارت(ایف پی سی سی آئی) میں حزب اختلاف نے ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے چیف ایگزیکٹیوایس ایم منیرکی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں مداخلت رکوانے کے لیئے اعلیٰ عدلیہ سمیت تمام فورم سے رجوع کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ایس ایم منیربزنس کمیونٹی کومتحدکرنے کی بجائے تباہ کررہے ہیں۔

وفاقی حکومت ایس ایم منیر کو بزنس کمیونٹی کی سیاست میں دلچسپی اور فیڈریشن الیکشن میں عمل دخل پر ٹی ڈی اے پی کے عہدے سے فوری برطرف کرے۔ پاکستان کے آئین اور قانون کے تحت سرکاری اہلکار فیڈریشن اور کسی بھی الیکشن میں عمل دخل نہیں کر سکتا ۔ان خیالات کا اظہاربزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ، وائس چیئرمین میاں زاہدحسین ،وائس چیئرمین زکریاعثمان ،ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں بزنس مین پینل کے صدارتی امیدوارسنیٹرحاجی غلام علی اورشیخ منظرعالم سمیت دیگرنے مشترکہ بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر نہ صرف فیڈریشن بلکہ تاجر برادری کو بھی تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں بلکہ سی ای اوٹی ڈی اے پی کے عہدے کا ناجائزفائدہ اٹھاکرایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ایس ایم منیر نے تجارت سے ناواقف شخص کو ایف پی سی سی آئی کا صدارتی امیدوار نامز کرکے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کے ساتھ گھناؤنا مذاق کیا ہے ۔

ایساامیدوار جو بزنس کمیونٹی اور ان کی مشکلات کو جانتا ہی نہیں وہ کس طرح ان کے مسائل حل کرے گا ۔انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے نہیں بلکہ ایف پی سی سی آئی پر اپنا تسلط قائم کرنے کیلئے کمزور صدر لاناچاہتے ہیں ۔دوسری جانب پاکستان بزنس مین پینل نے بزنس کمیونٹی کیلئے شاندار خدمات اور پاکستانی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان سے ستارہ امتیاز حاصل کرنے والے سینیٹر حاجی غلام علی کو نامزد کرکے ایک بہتر اقدام اٹھایا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرٹڈاپ کے سی ای اوہیں اور یہ سرکاری عہدہ ہے ساتھ ہی ساتھ وہ یونایئٹڈ بزنس گروپ کے چیف پیٹرن بھی ہیں اور انہوں نے پورا سال ایف پی سی سی آئی کے ووٹروں پر اثر انداز ہونے پر صرف کیا۔ایس ایم منیرکی بطورسی ای او ٹی ڈی اے پی کارکردگی سب کے سامنے ہے ۔ان کی ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان کی ایکسپورٹ کو4ارب کا نقصان پہنچا ۔

انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیر اپنے ڈیڑھ سالہ دور میں ٹڈاپ پر توجہ دینے کی بجائے ایف پی سی سی آئی کی سیاست میں مداخلت کرتے رہے اور اپنے من پسند صنعت کاروں کو نوازا۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایم منیرکو سیاست کازیادہ ہی شوق ہے تو وہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں پھرسیاست میں حصہ لیں۔انہوں نے کہاکہ اگرایس ایم منیرنے ایف پی سی سی آئی کے الیکشن میں اپنی مداخلت بندنہ کی تو عدالت عظمی سے رجوع کیا جائے گا ۔

بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے کہاکہ ایس ایم منیرنے ایف پی سی سی آئی کے گزشتہ الیکشن میں بھی ووٹروں کو بلیک میل کرکے ووٹ حاصل کیے، اس دفعہ تاجروصنعتکاربرادری ان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی، بالخصوص ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو کمیٹی اور جنرل باڈی کے ممبران امیدوار کی قابلیت اور صلاحیتوں کو مد نظر رکھ کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے اور ایک سال میں ایف پی سی سی آئی کو کمزور کرنے والے یو بی جی گروپ کو مسترد کردیں گے ۔