صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے و تیسرے مرحلے سے بھاگنے والوں کو کسی قسم کاموقع نہیں دیں گے،ناصر حسین شاہ

کراچی میں اس ماہ کے آخر سے ’’کلین کراچی‘‘ مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے، وزیر بلدیات سندھ کی میڈیا سے بات چیت

پیر 9 نومبر 2015 22:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔9 نومبر۔2015ء) سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے سے بھاگنے والوں کو ہم کسی قسم کاموقع نہیں دیں گے۔ دھاندلیوں کا نعرہ لگا کر راہ فرار اختیار کرنے والی جماعتوں کے تمام مطالبات پہلے بھی تسلیم کئے ہیں اور اب بھی کریں گے لیکن انہیں بائیکاٹ کا موقع فراہم نہیں کیاجائے گا۔

مسلم لیگ (ف) کے سربراہ پیر صاحب پگارا نے فہم و دانش کا مظاہرہ کیا اور اپنے حامیوں کو سانحہ خیرپور کی جوڈیشل رپورٹ آنے تک صبر و تحمل کی تلقین کی ہے جو قابل ستائش ہے۔ کراچی میں اس ماہ کے آخر سے ’’کلین کراچی‘‘ مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ جو کہ اب محکمہ بلدیات کے زیر انتظام آگیا ہے اس کے ذریعے آؤٹ سورش کرنے کے ٹینڈز بھی اخبارات میں دئیے جاچکے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کے آئندہ کے مرحلوں میں پاک فوج کی تعیناتی کے لئے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن نے کرنا ہے۔ کراچی کے صنعتکاروں اور تاجر برادری کو کراچی کے تمام مسائل کے حل کیلئے ماضی میں بھی آن بورڈ لیا ہے اور آئندہ بھی ہمیں ان کا ساتھ درکار ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقوں کیماڑی، مسان روڈ، سکندرآباد سمیت دیگر علاقوں کے اچانک دورے کے بعد میڈیا سے بات چیت اور بعد ازاں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں خواتین ونگ کی جانب سے منعقدہ لیڈیز ان پاور منٹ کانفرنس میں شرکت کے موقع پر خطاب اور ان کے سوالات کے جوابات دینے کے دوران کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ خصوصی سیکرٹری برائے بلدیات اختر جدون، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے ایڈمنسٹریٹر سجاد میمن، ایم سی اشفاق ملاح، ایڈمنسٹریٹر ساؤتھ میر فاروق لانگا، ایف پی سی سی آئی کے سرپرست اعلیٰ اور معروف تاجر رہنماء ایس ایم منیر، قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی فہمیدہ کوثرجمالی اور دیگر بھی موجود تھے۔ کیماڑی کے دورے کے موقع پر صوبائی وزیر کو علاقہ مکینوں کی ایک بڑی تعداد نے یہاں پانی، سیوریج، صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل کی جانب ان کی توجہ دلوائی اور مطالبہ کیا کہ ان کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کیا جائے، جس پر صوبائی وزیر نے موجود ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ایڈمنسٹریٹر اور دیگر اعلیٰ افسران کو موقع پر ہدایات جاری کی اور کہا کہ جو صورتحال اس وقت یہاں نظر آرہی ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہاکہ کیماڑی اور اطراف کے علاقوں میں رہنے والے پاکستان پیپلزپارٹی کو چاہنے والے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے علاقہ معززین اور مکینوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مسائل کو نہ صرف ترجیعی بنیادوں پر حل کروایا جائے گا بلکہ وہ خود اس علاقہ کو دوبارہ دورہ کرکے تمام صورتحال کا جائزہ لیں گے۔

اس موقع پر اختر جدون نے صوبائی وزیر کو پانی اور سیوریج کے حوالے سے ان کے دور میں کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا اوربتایا کہ کئی مقامات پر کروڑوں روپے کی لاگت سے پانی اور سیوریج کی لائنوں کا کام مکمل کیا گیا ہے تاہم کچھ فنڈز کی کمی کے باعث ان کو مکمل طور پر کارآمد نہیں بنایا جاسکا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر کراچی میں’’کلین کراچی‘‘ کے نام سے اسی ماہ کے آخر سے ایک مہم کا آغاز کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے تحت کچڑہ اٹھانے اور ان کو ٹھکانے لگانے کا کام آؤٹ سورش کیا جارہا ہے اور اس کے لئے اخبارات میں ٹینڈرز بھی دئیے گئے ہیں اور اس کام کو صاف و شفاف اور کرپشن سے پاک بنانے کے لئے مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی بنائی جارہی ہیں، جس میں سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، تاجروں، رینجرز و پولیس اور میڈیا کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کا ادارہ ہمارے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ایما پر بنایا گیا تھا اور یہ ادارہ پہلے سندھ حکومت کے ماتحت تھا تاہم اب اسے محکمہ بلدیات کے ماتحت کردیا گیا ہے اور یہ محکمہ باقاعدہ طور پر اس شہر میں آئندہ سال سے اپنا کام شروع کردے گا تاہم اس دوران شہر کے تمام اضلاع میں سالہا سال سے پڑے ہوئے کوڑے کو ٹھکانے لگانے کا کام آؤٹ سورش کیا جارہا ہے۔

۔ ایک سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بھرپور کامیابی کے بعد کچھ سیاسی جماعتیں دھاندلی کا بہانہ بنا کر الیکشن سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہی ہیں اور وہ میڈیا کے ذریعے اس الیکشن کے بائیکاٹ کی بات کررہی ہیں۔ لیکن پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت ان کو راہ فرار اختیار کرنے کا کوئی موقع نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ان کے فوج کی تعیناتی کے مطالبے اور سانحہ خیرپور پر اعلیٰ سطحی عدالتی تحقیقات کو سندھ حکومت پہلے ہی مان چکی ہے جبکہ سندھ حکومت نے الیکشن کے پہلے مرحلے میں بھی فوج کی تعیناتی کا مطالبہ کیا تھا اور آئندہ دو مراحل کے لئے بھی الیکشن کمیشن کو لکھ دیا ہے لیکن اب یہ فیصلہ الیکشن کمیشن کو کرنا ہے کہ وہ فوج کی تعیناتی کرے یا نہ کرے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیر صاحب پگارا ایک بڑے انسان ہیں۔ انہوں نے سانحہ خیرپور پر اپنے لوگوں کو اعلیٰ عدالتی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ نہ آنے تک کوئی ردعمل نہ کرنے کااعلان کرکے جس فراخ دلی اور کشادہ دلی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جگہ کوئی دوسرا ہوتا تو شاید بدلہ لینے کی بات کرتا لیکن انہوں نے جو فیصلہ کیا ہے ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔

بعد ازاں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (ایف پی سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی میں صفائی ستھرائی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے سندھ حکومت اور بالخصوص محکمہ بلدیات تمام تر اقدامات کررہا ہے اور جلد ہی کراچی میں ’’کلین سٹی‘‘ مہم کا آغاز بھی کیا جارہا ہے اور اس میں تاجروں اور صنعتکاروں کو بھی آن بورڈ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں وہاں کی تاجر اور صنعتکار برادری براول دستہ کا کردار ادا کرتی ہے اور آج ہمیں فخر ہے کہ ایس ایم منیر اور ان کے رفقاء کار نے ہمیشہ اس ملک کو معاشہ طور پر مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے اور ھرتے رہیں گے۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی میں خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی ان کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کی بحثیت قائم مقام صدر ایف پی سی سی آئی تعیناتی کو سراہا۔ بعد ازاں انہوں نے فیڈریشن کی خاتون ارکان کی جانب سے کراچی شہر میں مسائل اور ان کے لئے دئیے گئے مشوروں پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کئی مسائل پر موقع پر ہی اعلیٰ افسران کو ہدایات جاری کی۔

متعلقہ عنوان :