شکارپور میں پولیس چوکی پرڈاکووٴں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید ‘ڈاکو پولیس اہلکاروں کا اسلحہ لے کر فرار

منگل 10 نومبر 2015 12:09

شکارپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 نومبر۔2015ء) شکارپور میں پولیس چوکی پرڈاکووٴں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق شکار پور کے علاقے لکھی غلام شاہ کے قریب مسلح ڈاکووٴں نے پولیس چوکی پر دھاوا بول دیا، ڈاکووٴں کی اندھا دھند فائرنگ سے دو اہلکار موقع پر شہید ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق محمود آباد پولیس چوکی پر پانچ مسلح ڈاکووٴں نے کلاشنکوف سے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں چوکی میں موجود دونوں پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہو گئے جن کی لاشیں سول اسپتال شکارپورمنتقل کردی گئیں ہیں۔

ڈاکو فرارہوتے ہوئے شہید اہلکاروں کا اسلحہ بھی لے گئے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کردی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

(جاری ہے)

اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا۔ ڈاکووٴں کی فائرنگ سے شہید اہلکار حاجی محمد میاں چنوں جبکہ غلام رسول نوشہروفیروز کا رہائشی ہے۔ پوسٹ ماٹم کے بعد لاشیں آبائی شہروں میں روانہ کر دی گئیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال نے شکارپور میں پولیس چیک پوسٹ حملے کا نوٹس لے لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس اہکاروں کی شہادت پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے شہید اہلکاروں کے ورثاء کو پولیس میں ملازمت اور تنخواہ جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔ انکا کہنا تھا پولیس پر حملہ میں ملوث ملزمان جلد سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :