زمین بوس ہونے والی فیکٹری کے ملبے میں کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اور دیگر سامان تاحال دفن ہے

ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے فیکٹری مالک کے اہل خانہ میں سے کوئی بھی سات روز گزرنے کے باوجود جائے حادثہ پر نہ پہنچا روپوش رہ کر ممکنہ کسی بھی کارروائی سے بچنے کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے ،تحقیقاتی کمیٹی نے بھی فیکٹری مالک کے ورثاء سے رابطہ نہیں کیا‘ذرائع

منگل 10 نومبر 2015 13:31

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بوس ہونے والی چار منزلہ فیکٹری کے ملبے میں کروڑوں روپے مالیت کی مشینری اور دیگر سامان تاحال دفن ہے ،ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے فیکٹری مالک رانا اشرف کے اہل خانہ میں سے کوئی بھی سات روز گزرنے کے باوجود جائے حادثہ پر نہ پہنچا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں زمین بوس ہونے والی چار منزلہ فیکٹری کے ملبے کے نیچے جہاں درجنوں افراد ہی اپنی جان کی بازی ہار گئے وہیں کروڑوں روپے مالیت کی مشینری ، پولی تھین بنانے کا خام مال اور دیگر سامان بھی دفن ہوا جو تقریباً سکریپ بن چکا ہے ۔

حادثے کے وقت فیکٹری میں موجود مالک رانا محمد اشرف کی بھی ہلاکت ہو گئی تاہم ابھی تک ان کے ورثاء میں سے کوئی بھی حادثہ کی جگہ پر نہیں پہنچا بلکہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر روپوش ہیں اورممکنہ کسی بھی کارروائی سے بچنے کیلئے قانونی ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ابھی تک تحقیقاتی کمیٹی نے بھی جاں بحق ہونے والے فیکٹری مالک کے ورثاء سے رابطہ نہیں کیا۔

متعلقہ عنوان :