انگلینڈ سے ون ڈے سیریز ، پاکستان کوعالمی رینکنگ بہتر بنانے کا چیلنج درپیش

منگل 10 نومبر 2015 13:59

انگلینڈ سے ون ڈے سیریز ، پاکستان کوعالمی رینکنگ بہتر بنانے کا چیلنج ..

ابوظبی (اردو پوائنٹ تازہ تر ین اخبار10نومبر۔2015ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ون ڈے رینکنگ کو بھی بہتر بنانا ہوگا ۔ شکست کی صورت میں پاکستان کو 2019ء کے ورلڈ کپ کا کوالی فائنگ رائونڈ کھیلنا پڑسکتا ہے ۔ اس وقت پاکستان کی ون ڈے رینکنگ آٹھ ہے۔ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ کے علاوہ دنیا کی سات ٹاپ ٹیموں کو شرکت کرنا ہے ۔

30 ستمبر2017ء تک پاکستان کو آئی سی سی رینکنگ میں دنیا کی سات بہترین ٹیموں میں جگہ برقرار رکھنا ہے ۔ پاکستان کو سات ٹیموں میں جگہ حاصل کرنے کے لئے انگلینڈ کے علاوہ آئندہ سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ انہی کے گرائونڈز میں کھیلنا ہے ۔ دنیا کی بڑی ٹیموں کو شکست دے کر ہی پاکستانی ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ کا براہ راست ٹکٹ حاصل کرے گی ۔

(جاری ہے)

اس وقت پاکستان کے 88 پوائنٹس ہیں اگر پاکستان انگلینڈ کو شکست دیتا ہے تو اس کو مزید 5 پوائنٹس حاصل ہوں گے ۔ 1-3 سے کامیابی کی صورت میں پاکستان کو 3 پوائنٹس ملیں گے ۔ اگر سیریز 2-2 سے برابر رہتی ہے تو پاکستان کو صرف 1 رینکنگ ملے گا ۔ اگر پاکستان سیریز نہ جیت سکا تو پھر پاکستان کو موجودہ پوائنٹس بھی کم ہوجائیں گے ۔ 3 سال قبل انگلینڈ نے پاکستان کو یہیں پر 0-4 سے شکست دی تھی ۔

اگر یہی نتیجہ آیا تو پاکستان کے پوائنٹس 86 ہوجائیں گے ۔ آئی سی سی رینکنگ میں انگلینڈ کا چھٹا نمبر ہے تاہم پاکستان کو اپنے سے زیادہ رینکنگ والی ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ میچوں میں شکست دینا ہوگی ۔ پاکستان اور انگلینڈ کا کوئی بیٹسمین اس وقت ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل نہیں ہے ۔ جو روٹ 11ویں ، مورگن 21ویں نمبر پر ہیں ۔ محمد حفیظ 30ویں اور احمد شہزاد 32ویں نمبر پر ہیں ۔ بولنگ میں محمد عرفان 14 ویں، معین علی 31ویں اور وہاب ریاض 49ویں نمبر پر ہیں ۔ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ویلیئرز اور بولنگ میں ویسٹ انڈیز کے سنیل نرائن پہلے نمبر پر ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں آسٹریلیا پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے ۔