فلم ”دل والے“ 18 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی

منگل 10 نومبر 2015 14:06

فلم ”دل والے“ 18 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) بولی وڈ اداکارہ کاجول کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان اور ان کی جوڑی کا رنبیر اور دپیکا کی جوڑی سے کوئی مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔انڈین ایکسپریس کے مطابق کاجول سے ایک انٹرویو کے دوران سوال کیا گیا کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور رنبیر کپور کی جوڑی ان کی اور شاہ رخ خان کی جوڑی کی جگہ لے سکتی ہے؟ جس پر کاجول کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا بالکل نہیں لگتا، ان کی جوڑی کا رنبیر اور دپیکا کی جوڑی سے کوئی مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔

کاجول کے مطابق ’کسی کا مقابل کسی سے نہیں کیا جاسکتا، نہ میں دپیکا پڈوکون جیسی بن سکتی ہوں اور نہ ہی دپیکا مجھ جیسی بن سکتی ہیں، اس ہی طرح ہماری جوڑی رنبیر اور دپیکا کی جوڑی جیسی نہیں اور نہ ہی ان کی جوڑی شاہ رخ اور میری جیسی بن سکتی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کاجول اور شاہ رخ خان کی جوڑی بولی وڈ کی سب سے بہترین جوڑیوں میں سے شمار کی جاتی ہے جو بولی وڈ کی کئی کامیاب فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہے-ان فلموں میں ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ سے لے کر ’مائے نیم از خان‘ شامل ہیں۔

شاہ رخ اور کاجول پانچ سال کے عرصے بعد ایک مرتبہ پھر فلم ’دل والے‘ میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے جس میں ان کے ہمراہ اداکارہ ورن دھون اور کریتی سنن اہم کردار ادا کریں گی۔فلم ”دل والے“ 18 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :