انقلابی پروگرام کا سب سے زیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کو ہوگا،میاں عرفان دولتانہ

منگل 10 نومبر 2015 14:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی اور دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے انقلابی پروگرام کا سب سے زیادہ فائدہ جنوبی پنجاب کو ہوگا۔سڑکو ں کی تعمیر و بحالی اور صاف پانی کے منصوبوں کے ساتھ بجلی کی کمی دور کرنے کے منصوبوں پر بھی دن رات کام ہو رہا ہے۔

”خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام“ کیلئے رواں مالی برس 50 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے جبکہ پینے کے صاف پانی کے منصوبے کیلئے 15 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ہم ایک ایک پائی عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کریں گے اور 2018ء تک کئی سو کلو میٹر طویل سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ پر بھی اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت ایک لاکھ مستحق و ذہین طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف دینے کا ہدف مکمل کیا گیا ہے اور اب ہر برس ایک لاکھ کی بجائے 2 لاکھ ذہین و مستحق طلبا و طالبات کو تعلیمی وظائف دیں گے جس کیلئے مزید 4 ارب روپے فراہم کئے گئے ہیں۔ چین کے تعاون سے لگنے والے توانائی کے منصوبوں سے آئندہ 2 برس میں 7 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔توانائی منصوبوں کی تکمیل سے لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی۔ صنعتیں رواں دواں ہوں گی، زراعت سرسبز ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔وفاقی اور پنجاب حکومت مل کر گیس کی بنیاد پر 3600 میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام کر رہے ہیں۔2017 کے آخر تک ہزاروں میگاواٹ بجلی کی پیداوار سے لوڈشیڈنگ میں بہت حد تک کمی آ جائے گی۔

متعلقہ عنوان :