رکن قومی اسمبلی ملک ابرار کا نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں اپنے اوپر لگنے والے الزامات پرشدید احتجاج

منگل 10 نومبر 2015 14:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) حکمران جماعت کے رکن قومی اسمبلی ملک ابرار نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو میں لگنے والے الزامات کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے اور الزامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی سپیکر نے معاملہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کو بھیج دیا ہے جو معاملے کا تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی ۔

ملک ابرار نے کہا کہ نجی ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں ایک اینکر پرسن نے الزامات لگائے ہیں جس سے میرا استحقاق مجروح ہوا ہے اور میری کردار کشی کی گئی ہے جس کی مذمت کرتا ہوں ۔ ملک ابرار نے کہا کہ میرا ایک حلقہ احباب ہے اور لاکھوں لوگوں نے مجھے منتخب کیا ہے ان الزامات سے میری ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا ہے ملک ابرار کے حق میں متعدد اراکین نے بھی ہاؤس کی سپیشل کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

ملک ابرار نے کہا کہ متعلقہ اینکر پرسن میرے خلاف لگائے گئے الزامات کے ثبوت فراہم کرے اور ان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ سیکٹر جی بارہ کے متاثرین کا معاملہ حل کرانے دیں ۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹر I-15
اور I-16 متاثرین کو ابھی تک چیک موصول نہیں ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر صحافیوں پر مشتمل بھی کمیٹی بنائی جائے جو میرے خلاف الزامات کا جائزہ لے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا تاہم ڈپٹی سپیکر نے ملک ابرار پر لگائے گئے الزامات کا جائزہ لینے کا معاملہ قومی اسمبلی کی متعلقہ کمیٹی اطلاعات و نشریات کو بھیج دیا ہے ۔