اے بی ڈویلیئرز افریقہ میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیلبریٹی بن گئے

منگل 10 نومبر 2015 14:57

اے بی ڈویلیئرز افریقہ میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیلبریٹی بن ..

جوہانسبرگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء)جنوبی افریقہ کے سیلبریٹی کی فہرست میں معروف کرکٹر ڈی ویلیئرز سر فہرست آئے ہیں لیکن اگر ان کا بھارت یا پاکستان کے کرکٹرز سے مقابلہ کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔جنوبی افریقی ون ڈے ٹیم کے کپتان اور دنیا کے معروف کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئرز افریقہ میں سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے سیلبریٹی بن گئے ہیں۔

ویسے ان کے نام تیز ترین سنچری اور نصف سنچری کا ریکارڈ بھی ہے۔یہ فہرست جنوبی افریقہ کی میڈیا کمپنی بلیک سموک ایجنسی نے پہلی بار جاری کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ اب وہ اس پر مسلسل نظر رکھے گی۔اس فہرست میں ڈی ویلیئرز نے اپنے ہم وطن کامیڈین ٹریور نواہ کو شکست دی ہے۔ ڈی ویلیئرز کے فی الحال 30 لاکھ سے کچھ کم فالوئرز ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی مقبولیت میں امریکی ٹی وی پروگرام میں آنے پر اضافہ دیکھا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے مشاہیر ٹوئٹراٹی کی اس فہرست میں جے پی ڈومنی، البی مورکل، فاف ڈوپلیسی بھی شامل ہیں۔ لیکن ان سے آگے سابق کرکٹر ڑاک کالس چھٹے اور سابق کپتان گریم سمتھ پانچویں مقام پر ہیں۔اگر ان کا مقابلہ بھارت کے یا دوسرے ممالک کے کرکٹرز سے کیا جائے تو وہ بہت پیچھے نظر آتے ہیں۔ بھارتی کرکٹ کھلاڑیوں میں وراٹ کوہلی کے فالوئرز کی تعداد سچن ٹنڈولکر کے فالوئرز کی تعداد سے آگے نکل چکی ہے۔

ان کے بعد مہندر سنگھ دھونی کے فالوئرز ہیں۔ لیکن اگر سیلبریٹی کی بات کی جائے تو بالی وڈ کے اداکار فالوئرز کی تعداد کہیں زیادہ ہے۔پاکستان کے سیلبریٹی کرکٹرز میں سابق کپتان اور تحریک انصاف کے چیئر مین پہلے نمبر پر نظر آتے ہیں۔ ٹوئٹر پر ان کے فالوئرز کی تعداد 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔ان کے بعد وسیم اکرم کے فالوئرز ہیں جو 17 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ حالیہ کھلاڑیوں میں شعیب ملک کے پونے چھ لاکھ، احمد شہزاد کے ساڑھے پانچ لاکھ اور شاہد آفریدی کے تقریبا پانچ لاکھ فالوئرز ہیں۔بھارت میں ٹنڈولکر کے 83 لاکھ سے زیادہ فالوئرز ہیں جبکہ وراٹ کوہلی کے 85 لاکھ سے زیادہ اور مہندر سنگھ دھونی کے 46 لاکھ سے زیادہ ہیں۔ خواتین کھلاڑی میں ثانیہ مرزا کے فالوئرز کی تعدا 31 لاکھ سے زیادہ ہے۔