کراچی، چاول اور غذائی اجناس کی بر آمدات میں ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کی کاوشیں قابل تعریف ہیں ، نعمان احمد شیخ

منگل 10 نومبر 2015 16:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء )رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کی خدمات غذائی اجناس خصوصا چاول کی بر آمدات کے لئے قابل ستائش ہیں جب سے ڈڈاکٹر مبارک احمد نے اس ادارے کی باگ ڈور سنبھالی ہے اس کو نہایت فعال بنادیا گیا ہے گذشتہ چند سالوں میں جن ممالک میں چاول اور غذائی اجناس پر پابندی لگادی گئی تھی ڈاکٹر مبارک نے منسٹری آف نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور ان ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتخانہ کے تعاون سے نہایت جانفشانی کے ساتھ پاکستانی اشیاء پر عائد پابندی ہٹانے کے لئے اقدامات کئے ۔

اس سلسلے میں پاکستانی آم اور کینو ں ( نارنگی ) کی بر آمدات نے پچھلے کئی سالوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور پھلوں کی بر آمدات بڑھنے کی وجہ سے پاکستان کو ایک کثیر زر مبادلہ حاصل ہوا ہے جو ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔

(جاری ہے)

گذشتہ سال میکسیکو نے بھی چاول کی بر آمد پر پابندی لگادی تھی اور سفیر پاکستان کی سفارشات پر میکسیکو سے ایک ٹیکنیکل وفد پاکستان کے دورے پر آیا تھا اس دورے کو کامیاب بنانے کے لئے ڈاکٹر مبارک اور انکی ٹیم نے رات دن انتھک محنت کر کے چاول کے کارخا نوں کو مفید مشورے اور فنی مہارت فراہم کی تھی اور میکسیکو کے وفد کا دورہ نہایت کامیاب بنایا اور انکو چاول کے کارخانوں کے دورے کو مفید بنایا ۔

نعمان احمد شیخ نے ڈاکٹر مبارک جیسی شخصیات کو ایک اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک پاکستان کو آپ جیسے مخلص لوگوں کی سخت ضرورت ہے تاکہ بر آمدات کے شعبے میں نمایاں ترقی لائی جاسکے ۔