کراچی اسٹاک ایکسچینج میں غیرقانونی کاروبار کی شکایات پر انتظامیہ کا سخت ایکشن

منگل 10 نومبر 2015 16:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء)کراچی اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے ہدایات جاری کی ہیں کہ اسٹاک مارکیٹ کی بلڈنگ کے دفاتر انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی اور بزنس کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق کراچی اسٹاک مارکیٹ کی انتظامیہ نے ایک سخت قدم اٹھاتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ انتظامیہ کی منظوری کے بغیر بلڈنگ کے دفاتر سے کوئی اور کاروبار نہیں کیا جا سکتا ۔

دفاتر صرف قانونی کاروبار کے لیے استعمال ہونگے اور قواعد و ضوابط کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کے ایس ای انتظامیہ نے ممبران کی شکایات ملنے کے یہ ایکشن لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایس ای بلڈنگ میں موجود دفاتر کا غلط استعمال کرنے کی شکایات موصول ہوئیں تھیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کے ایس ای بلڈنگ میں کارروائی کی تھی اور غیرقانونی کاموں میں ملوث فاریکس کمپنی کے اہلکاروں کو گرفتار کیا گیاتھا جبکہ اکتوبر میں ایک اور کارروائی کے دوران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ایک چاول کے ایکسپورٹر کو بھی گرفتار کیا گیا۔

ان واقعات کے بعد انتظامیہ نے ہدایات جاری کیں کہ کے ایس ای بلڈنگ میں دفاتر کا استعمال صرف سکیورٹی بزنس اور بروکریجز ہاوسز کے لیے کیا جائے۔