انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام،ھنگو میں 3300 بیج کے بیگ مفت تقسیم کردیئے گئے

منگل 10 نومبر 2015 16:17

ھنگو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء )انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام،ضلع ھنگو میں 3300 بیج کے بیگ مفت تقسیم کردیئے گئے، وزیر اعظم کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں کو سستی قیمت پر کھادوں کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔ زراعت کی ترقی کیلئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے اقتدامات دور رس نتائج کے حامل ہیں،ھنگو کیلئے مزید گندم کے بیج کی فراہمی کیلئے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے،گندم کے تخم کو کھانے اور دیگر مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت شعبہ توسیع ھنگو سخی مرجان،زراعت آفیسر ساجد محمد بنگش،ایسیم ایس زراعت یوسف علی نے صحافیوں کو بریفنگ کے دوران کیا۔اس موقعہ پر صدر ماڈل فارم سنٹر اویس قرنی،جنرل سکریٹری ناصر اکبر اورکزئی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت ھنگو سخی مرجان نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کی صوبائی حکومت کی طرف سے میرٹ پر کسانوں میں تیتیس سو گندم کے بیگ انصاف فوڈ سیکورٹی پروگرام کے تحت تقسیم کر دیے گئے ہیں۔

اور جن کسانوں کو بیج فراہم کیے گئے ہیں ان کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے کسان ممبران اور متعلقہ پٹوایوں کی تصدیق کے بعد بیج تقسیم کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت سے مزید پندرہ سو بیگ تخم کیلئے رابطہ کیا گیا ہے جیسے ہی یہ تخم فراہم کر دیا گیا بلا رکاوٹ کسانوں میں مفت تقسیم کر دیا جائے گا۔ڈائریکٹر زراعت ھنگو سخی مرجان نے صحافیوں کو بتایا کہ پرائم منسٹر کسان پیکیج کے تحت ضلع ھنگو کے کاشتکاروں کو مختلف کھادوں میں سبسڈی دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ بیج کو کاشتکاری کیلئے استعمال میں لایا جائے۔اسے کھانے،جانوروں کی خوراک بنانے سے گریز کیا جائے کیونکہ بیج کے ساتھ زری ادویات کا استعمال بھی ہوا ہے اور اس بیج کو بچوں کی پہنچ سے بھی دور رکھا جائے۔ڈائیریکٹر زراعت شعبہ توسیع ھنگو سخی مرجان نے واضح کیا کہ کسان بھائی کاشتکاری میں جدید ٹیکنالوجی اور زرعی ادویات کو بھی استعمال میں لائیں تاکہ زراعت میں ترقی اور زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔اس مقصد کے لیے محکمہ زراعت ہر وقت کسان بھائیوں کی رہنمائی کیلئے مصروف عمل ہے۔