محکمہ صحت لاڑکانہ کی جانب سے ضلع بھر میں سب نیشنل امیونائیزیشن تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا

ش

منگل 10 نومبر 2015 19:27

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) محکمہ صحت لاڑکانہ کی جانب سے ضلع بھر میں سب نیشنل امیونائیزیشن تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، لاڑکانہ شہر اور ضلع کے مختلف علاقوں میں محکمہ صحت کی جانب سے تشکیل کردہ ٹیموں نے پہلے روز گھروں اور اسکولوں میں جاکر پانچ سال تک کے عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے، اس موقعے پر فوکل پرسن ڈاکٹر عنایت اﷲ کانڈرو نے بتایا کہ سب نیشنل امیونائیزیشن تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 3 لاکھ 336 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں جارہے ہیں جس کے لیے مجموعی طور پر 738 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جن میں سے 610 گشتی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ 50 ٹیمیں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈ پر مقرر کی گئی ہیں اس کے ساتھ ساتھ 79 خصوصی مراکز قائم کیے گئے ہیں، انہوں نے لاڑکانہ کے عوام سے اپیل کی کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تشکیل کردہ ٹیموں سے تعاون کریں اور ایک روز سے پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ اس موضی مرض سے معصوم کلیوں کو بچایا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :