مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے،کشمیر کا مسئلہ مالی مفادات یا تعمیر و ترقی کا نہیں حق خود ارادیت کا ہے ،سردارمحمدیعقوب خان

منگل 10 نومبر 2015 19:59

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 نومبر۔2015ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد یعقوب خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے مالی فوائد کے بدلے کشمیریوں کے دل جیتنے کی مذموم کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے ۔ کشمیر کا مسئلہ مالی مفادات یا تعمیر و ترقی کا نہیں حق خود ارادیت کا ہے ۔

مالی مفادات کے ذریعے وہ صرف چند کا سہ لیسوں کو اپنا ہمنوا بنا سکتے ہیں کشمیری قوم انکے جھانسے میں نہیں آئے گی بھارتی وزیراعظم کو انتہا پسند پالیسیوں کا نتیجہ بہار کے انتخابات میں مل گیا ہے ۔ ہندو عوام بھی مودی سے تنگ آ چکی ہے تو مسلمان جن کا جینا دوبھر کر دیا گیا ہے وہ کیسے مودی کی چکنی چپڑی باتوں میں آ سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز محتسب آزاد کشمیر سید ممتاز حسین نقوی کی تقریب حلف برداری کے بعد شرکاء تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مودی سرکار کی مسلمانوں اور عیسائیوں کو زبردستی ہندو بنانے ، گاؤ کشی کے الزام میں انسانوں کا قتل عام اور اقلیتوں کی مذہبی آزادی سلب کرنے کی وجہ سے ہندوستان کے مسلمان سکھ اور عیسائی خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں ۔ بھارت کے ادیبوں ، سائنسدانوں فنکاروں اور سول سوسائٹی کے نمایاں افراد کی طرف سے سرکاری اعزازات کو واپس کرنا خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی بڑنے کے باوجود بھارت میں انسانیت پر یقین رکھنے والے بھی موجود ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے اسے روشن خیال اور جہاندیدہ افراد سے کہا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ارون دھتی رائے نے بالکل درست کہا ہے کہ کشمیر کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا ۔ بھارت نے اس پر جبراً قبضہ کر رکھا ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں سے بھی کہا کہ وہ بھارتی وزیراعظم کے دورہ برطانیہ کے موقع پر اجتجاجی مظاہروں میں شریک ہوں اور عالمی برداری پر واضع کر دیں کہ مودی گجرات کے مسلمانوں کا قاتل اور پر امن دنیا کیلئے مستقل خطرہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :