اٹک، ریسکیو ۱۱۲۲ کا بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کنٹیجنسی پلان تیار کر، ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار کرلیا ہے،ڈی سی او اٹک

منگل 10 نومبر 2015 23:05

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 نومبر۔2015ء) ڈی سی او اٹک و چیئرمین ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اٹک چوہدری حبیب اﷲ نے کہا ہے کہ ریسکیو ۱۱۲۲ نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے کنٹیجنسی پلان تیار کرلیاہے اور ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار کرلیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی او آفس اٹک میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیار کردہ پلان کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

ای ڈی ورکس اینڈ سروسز، ای ڈی او ہیلتھ اٹک ، اے سی اٹک ، ای ڈی او ہیلتھ کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اٹک ڈاکٹر میاں محمد اشفاق نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیار کردہ ایمرجنسی پلان کی تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ۱۱۲۲ نے ضلع بھر میں الیکشن کے روز کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں کرلی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ضلع بھر کے بارہ سو ریسکیو رضاکار بھی اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ مختلف ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے چار مقامات پر ریسکیو ۱۱۲۲ کی گاڑیاں تیار رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریسکیو سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔ ڈی سی او اٹک نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع اٹک کی تمام تحصیلوں میں ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے کنٹیجنسی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

تمام متعلقہ محکمے آئیندہ چوبیس گھنٹوں میں اپنا ایمرجنسی پلان ڈی سی او آفس ارسال کریں گے۔انہوں نے محکمہ ہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں موجود تمام ہسپتالوں ، بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کو اس دن کے لیے ریڈ الرٹ جاری کریں، انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن کے روز ڈیوٹی پر حاضر رہیں تاکہ بوقت ضرورت ان سے رابطہ کیا جاسکے۔