شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ‘ عرفان دولتانہ

بدھ 11 نومبر 2015 14:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) مسلم لیگ (ن)کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)کی بلدیاتی انتخاب میں تاریخی کامیابی اس جماعت کی عوام دوست پالیسی کا نتیجہ ہے ،مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ عوام کی بھلائی کے منصوبے شروع کئے اور اس کے دور میں ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، ماضی میں کسی حکومت نے نوجوانوں کوہنر مند بنانے کے لئے کچھ نہیں کیا ،صوبہ بھر میں روزگار کے مواقع پید اکرنے کی کوشش نہیں کی گئی اور نہ ہی صنعتی ترقی کے لئے کوئی قدم اٹھایا گیا۔

۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہباز شریف کے اقدامات بارآور ثابت ہو رہے ہیں اور میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جنہیں بااختیار بنا کر قومی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکتا ہے، ملک و قوم کی تقدیر بدلی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نوجوانوں کی ترقی اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں۔ صوبے کی ترقیاتی حکمت عملی 2018 کے تحت روزگار کے 40 لاکھ نئے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ نوجوان طبقہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے اور اس اثاثے سے فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کیلئے متعدد پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔ اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے نوجوانوں میں اب تک اربوں روپے کے قرضے تقسیم کئے جا چکے ہیں جبکہ ”خود روزگار سکیم“ کے تحت نوجوانوں میں 50 ہزار گاڑیوں کی شفاف انداز سے تقسیم کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :