اوگرا کی طرف سے گیس مہنگی کرنے کے بعدصارفین سے18ارب کی وصولی تشویشناک ہے ‘ظہیر بھٹہ

بدھ 11 نومبر 2015 14:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء) چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ،ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس و انڈسٹریز ظہیر بھٹہ نے اوگرا کی طرف سے سوئی نادرن اور سدرن گیس کو گیس مہنگی کرنے کی منظور ی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس مہنگی کرنے کے بعد صارفین سے پچھلے دو سالوں2012-13اور 2013-14 میں بقایا جات کی مد میں 18ارب روپے کی وصولی سوئی گیس صارفین سے زیادتی ہے ،صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتیں بڑھانے کا اعلان انڈسٹریز تباہ کرنے کے مترادف ہے گیس پاکستان کے قدرتی وسائل سے حاصل ہورہی ہے اس لیے اس کا مہنگا کرنے کا کوئی جواز نہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خالد افضل شیخ سینئر وائس چیئرمین ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ظہیر بھٹہ نے کہا کہ حکومت گیس مہنگی کرنے کی بجائے گیس کی چوری روکے تو گیس کمپنیوں کے خسارے میں کمی ہوگی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی ضرورت نہ پڑے گی ۔انہوں نے کہا کہ موسم سرما میں صنعتی مقاصد کیلئے پہلے ہی گیس کی بندش ہے اب گیس قیمتوں میں اضافہ سے اگر انڈسٹریز بند ہوئی تو اس کا اثر یقینا حکومت کے ریونیو پر پڑے گا کیونکہ انڈسٹریزملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے حکومت ملکی ترقی کیلئے صنعتوں کو ضرورت کے مطابق گیس اور بجلی فراہم کرے۔

انہوں نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لینے کی ہدایت کرے تاکہ صنعتکار اور عوام سکون کا سانس لے سکیں۔

متعلقہ عنوان :