بھارت، پابندی کے 5ماہ بعد میگی نوڈلز دوبارہ دستیاب

بدھ 11 نومبر 2015 14:36

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء )بھارت میں مقبول عام "میگی نوڈلز" تقریباً 5 ماہ کی پابندی کے بعد دوبارہ بازار میں دستیاب ہوگئی ،یہ نوڈلز سوئٹزرلینڈ کے برانڈ "نیسلے" کی ملکیت ہے ، اداے کے بھارتی یونٹ نے ملک کے تقریباً 100 شہروں میں دوبارہ اسے فروخت کے لیے پیش کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق "میگی نوڈلز" تقریباً پانچ ماہ کی پابندی کے بعد بھارت میں دوبارہ بازار میں دستیاب ہوگئی ہے ۔

رواں سال جون میں میگی نوڈلز کو اس بنا پر بازاروں سے ہٹا دیا گیا تھا کہ حکام کو اس میں ممکنہ مقدار سے زیادہ مقدار میں سیسے کے نمونے ملے تھے۔اس بنا پر تقریباً لاکھوں ڈالر کی نوڈلز کو مارکیٹ سے ہٹا کر ضائع کر دیا گیا۔اگست میں ممبئی کی عدالت عالیہ نے اس نوڈلز کی تازہ جانچ کا حکم دیتے ہوئے اس کی فروخت پر پورے ملک میں پابندی عائد کر دی تھی۔

(جاری ہے)

لیکن اب حکومت کی منظور شدہ تین مختلف لیبارٹریوں سے اس کے مضر صحت نہ ہونے کی تصدیق کے بعد میگی نوڈلز دوبارہ بازار میں فروخت کے لیے پیش کر دی گئی ہیں۔اپنے ایک بیان میں "نیسلے" نے کہا ہے کہ یہ ادارے کے لیے ایک مشکل دور تھا اور لیکن اب نوڈلز کو دوبارہ بازار میں پیش کرتے ہوئے اسے اطمینان کا احساس ہو رہا ہے۔تاحال یہ واضح نہیں کہ نیسلے کا بھارتی یونٹ فوڈ سیفٹی محکمے کے حکام کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی کرے گا یا نہیں۔