محکمہ زراعت کی فصلوں کو محفوظ رکھنے کیلئے کاشتکاروں کو ہدایات

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 11 نومبر 2015 19:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 نومبر۔2015ء ) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کی کیڑے مکوڑوں اور وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ محکمہ زراعت کے ترجما ن نے بتایا ہے کہ ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت مناسب ہونے اور زیادہ نمی کے باعث ان کاشتہ سبزیوں کے پودوں پر اکھیڑا ، پچھیتا جھلساؤ ،روئیں دار پھپھوندی، کوڑھ اور وائرسی امراض کے حملہ ہونے کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔

اکھیڑا کی بیماری بیل والی سبزیوں کے ننھے پودوں پر زیادہ ہوتی ہے اوراس بیماری کے حملہ سے اگے ہوئے پودے مرجھا نے لگتے ہیں جبکہ بڑے پودوں کے تنے کا نچلا حصہ گلا ہوا نظر آتا ہے ۔ کاشتکاروں سے کہا گیا ہے کہ بیماری کے تدارک کے لیے فصلوں کے ہیر پھیر کے ساتھ بیج کو پھپھوندکش زہر تھائیوفینیٹ میتھائل یا کاربینڈا زیم لگا کر کاشت کریں۔

(جاری ہے)

بیل والی سبزیوں کے پتوں پرروئیں دار پھپھوندی کے حملہ سے زرد رنگ کے دھبے ظاہر ہوتے ہیں جوتنوں تک پھیل جاتے ہیں اورمرطوب موسم میں اس بیماری کے شدید حملہ کی وجہ سے پودے سوکھ جاتے ہیں۔

8سے 26ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت اور ہوا میں 70فیصد سے زائد نمی ہونے کی وجہ سے اس بیماری کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔اس بیماری کے تدارک کے لیے بیماری سے متاثرہ پودوں کو کھیت سے نکال کر جلا دیں اور حفاظتی زہروں مینکوزیب، کاپر ھائیڈروآکسائیڈ بحساب 2 سے اڑھائی گرام دوائی فی لیٹر پانی میں ملا کر سپرے کریں اور 7سے 10دن کے اندر اثر پذیر ادویات کیبر یوٹاپ ، سکوریا پریکیور مبی کا سپرے کریں۔

بیل والی سبزیوں پرکوڑھ کی بیماری کے حملہ کی صورت میں پتوں اور تنوں پر زرد رنگ کے لمبے دھبے نمودار ہوتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ پھیل جاتے ہیں اور پھل پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔جس سے پودوں کے ساتھ پھل بھی گلنا شروع ہوجاتاہے۔اس کے تدارک کے لیے کاربینڈازیم یا ٹاپسن ایم بحساب 2گرام فی لیٹر پانی ملا کر سپرے کیاجائے ۔ سبز تیلہ ، کالا تیلہ ، سفید مکھی اور لیف ہاپر بیل والی سبزیوں پر وائرسی امراض کے پھیلاؤ کا باعث بنتے ہیں ان وائرسی بیماریوں کے حملہ سے پتوں کی شکل کا بگڑنا ، سبز مادے کا ختم ہوجانا اور پودوں کا قد چھوٹا رہ جانا زیادہ اہم ہیں۔ وائرسی امراض کے انسداد کے لیے صحت مند اور بیماریوں سے پاک بیج استعمال کریں ،جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی کریں۔