ایوان میں موجودمتحرک اپوزیشن تعمیر ی کردار ادا کر رہی ہے، ایوان کو ہمیشہ غیر جانبداری سے چلانے کی کوشش کی ہے ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید فعال بنا یاجائیگا

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی گورنر پنجاب رفیق رجوانہ سے ملا قات میں گفتگو

بدھ 11 نومبر 2015 19:15

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ انہوں نے ایوان کو ہمیشہ غیر جانبداری سے چلانے کی کوشش کی ہے اور تمام اراکین سے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر یکساں سلوک کیا ، ایوان میں اس وقت متحرک اپوزیشن موجود ہے جو تعمیر ی کردار ادا کر رہی ہے، ایوان میں تمام اہم قومی اہمیت کے معاملا ت زیر بحث لا ئے جاتے ہیں ، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں کو مزید فعال بنا یاجائیگا ۔

وہ بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے ملا قات میں گفتگو کررہے تھے ۔ملا قات میں پارلیمانی امور ،مجموعی ملکی سیاسی واقتصادی صوتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضی جاوید عباسی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے سردار ایاز صادق کو دوبار ہ سپیکر منتخب ہونے پرمبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ دو تہائی سے زائد اکثریت سے ان کا دوبار ہ سپیکر کے منصب پر منتخب ہوناملک میں جمہوری اداروں کی مضبوطی اور جمہوری اقتدار کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سردار ایاز صادق بطور سپیکر قومی اسمبلی جمہوری روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایوان کے تمام ممبران سے یکساں سلوک رواں رکھیں گے اور حسب روایت ایوان کو غیر جانبدارنہ طریقے سے چلائیں گے۔سپیکر قومی اسمبلی نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں ایوان میں ہونے والی قانون ساز ی اور دیگر پارلیمانی امور سے آگاہ کیا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ انہوں نے ایوان کو ہمیشہ غیر جانبداری سے چلانے کی کوشش کی ہے اور تمام اراکین سے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر یکساں سلوک کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں اس وقت متحرک اپوزیشن موجود ہے جو تعمیر ی کردار ادا کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں تمام اہم قومی اہمیت کے معاملا ت زیر بحث لا ئے جاتے ہیں۔ انہوں نے گورنر کو قومی اسمبلی میں قائمہ کمیٹیوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور انہیں مزید فعال بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔