آخری کسان کو اس کا حق ملنے تک وزیراعظم اور میں چین سے نہیں بیٹھیں گے،حق مارنے والے کو سزا ملے گی،ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہوتو آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا،68برس میں کرپشن نے تباہی مچا دی ہے،غریب عوام کا حق لوٹا گیاہے،قانون کی موثر عمل داری سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا،وزیراعظم نے کاشتکاروں کا درد محسوس ،ان کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہوئے اربوں روپے کے کسان پیکیج کا اعلان کیا ،کرپشن کوروکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں ،وسائل پرپہلا اور آخری حق صرف اورصرف عوام کا حق ہے،کسی کو عوام کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے،میں سیاست کو عبادت ،امانت، دیانت اورخدمت سمجھتا ہوں ،بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے عام انتخابات 2013 ء کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب کاساہیوال میں کسان پیکیج کے تحت کاشتکاروں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے موقع پر خطاب

بدھ 11 نومبر 2015 22:36

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 نومبر۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نیآخری کسان کو اس کا حق ملنے تک وزیراعظم اور میں چین سے نہیں بیٹھیں گے،حق مارنے والے کو سزا ملے گی،ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہوتو آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا،68برس میں کرپشن نے تباہی مچا دی ہے،غریب عوام کا حق لوٹا گیاہے،قانون کی موثر عمل داری سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا،وزیراعظم نے کاشتکاروں کا درد محسوس ،ان کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہوئے اربوں روپے کے کسان پیکیج کا اعلان کیا ،کرپشن کوروکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ، وزیراعظم کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں ،وسائل پرپہلا اور آخری حق صرف اورصرف عوام کا حق ہے،کسی کو عوام کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے،میں سیاست کو عبادت ،امانت، دیانت اورخدمت سمجھتا ہوں ،بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے عام انتخابات 2013 ء کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو ساہیوال میں وزیراعظم کسان پیکیج کے تحت ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کپاس اورچاول کے چھوٹے کاشتکاروں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر خطا ب کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں ادائیگی مرکز کادورہ کیا اوریہاں امدادی رقوم کی تقسیم کے حوالے سے کاشتکاروں کودی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ادائیگی سینٹرز میں امدادی رقوم کے حصول کے حوالے سے کاشتکاروں کوکسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنے چاہیے اوران مراکز پر بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جناح ہال ساہیوال میں کسانوں کوامدادی رقوم کی تقسیم کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا کسان پیکیج دیا ہے اوریہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کسی وزیراعظم نے کسان بھائیوں کا دکھ درد محسوس کرتے ہوئے اوران کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہوئے اربوں روپے کے کسان پیکیج کا اعلان کیا ہے ۔

وزیراعظم کسان پیکیج کے تحت کپاس اورچاول کے ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے کاشتکاروں کو پانچ ہزا روپے فی ایکڑ کے حساب سے امداد دی جارہی ہے جبکہ کھاد کی بوری کی قیمت میں 500روپے کمی کی گئی ہے اور میں ذاتی طورپراس پیکیج کی نگرانی کررہا ہوں ۔ وزیراعظم کسان پیکیج کے تحت پنجاب بھر میں چاول ،کپاس اور کھاد پر 40ارب ر وپے کی سبسڈی دی جارہی ہے جس میں سے 20ارب روپے وفاقی حکومت نے دیئے ہیں اور 20ارب روپے پنجاب حکومت نے فراہم کیے ہیں۔

پاکستان کی تاریخ میں کسانوں کو جو ریلیف پیکیج دیا گیاہے اس کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں اورپاکستان کی کسی حکومت نے آج تک کاشتکار بھائیوں کو اتنا بڑا پیکیج نہیں دیا۔وزیراعظم کا تاریخ ساز پیکیج کسان دوستی اورکاشتکاروں سے ہمدردی کی اعلی مثال ہے ۔پنجاب بھر میں ساڑھے بارہ ایکڑ تک کے آخری کسان کو امدادی رقم ملنے تک میں اور وزیراعظم نواز شریف چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حقداروں کو ان کا حق دلانا ہماری ذمہ داری ہے جسے بطریق احسن نبھائیں گے۔کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دیں گے۔ کسانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔اگر اس عمل میں کوئی سفارش ہوئی یا کسی کی حق تلفی کی گئی تو ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔انہوں نے کہا کہ چاول اورکپاس کے چھوٹے کاشتکاروں کا جو نقصان ہوا ہے اسے پورا کریں گے جبکہ کھاد کی بوری کی قیمت میں 500روپے کمی سے تمام کسان فائدہ اٹھائیں گے۔

ضلع ساہیوال میں چھوٹے کاشتکاروں کو 30کروڑ روپے کی امدادی رقوم تقسیم کی جارہی ہیں جبکہ مجموعی طورپر ساہیوال ڈویژن کے چھوٹے کاشتکاروں میں تقریبا1ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ‘‘کے تحت ۔دیہی علاقوں میں ہزاروں کلو میٹر سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے جس سے کسانوں کو اپنی اجناس منڈیوں میں لے جانے اور آمد ورفت کی بہترینسہولتیں میسر آئیں گی۔

’’پکیاں سڑکاں،سوکھے پینڈے‘‘ پاکستان کی تاریخ کا دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا سب سے بڑا پروگرام ہے جس کے تحت دیہی علاقوں میں اسفالٹ سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں اور رواں برس اس پروگرام ۔کے لئے 50ارب روپے رکھے گئے ہیں جس میں 90کروڑ کی لاگت سے ضلع ساہیوال کی دیہی سڑکوں کو پکا کیا جائے گا اور اگلے اڑھائی برس میں اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلومیٹر دیہی سڑکوں کی تعمیر وبحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔

سڑکوں کو خراب ہونے سے بچانے کے لئے اوور لوڈنگ کے سدباب کا نظام بھی متعارف کرایا جارہا ہے اور زائد وزن والی گاڑی کو ان سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیہی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام پر بھی اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں اور صاف پانی پراجیکٹ کا جنوبی پنجاب سے آغاز کردیاگیا ہے ۔اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں اوراس سال صاف پانی پراجیکٹ کیلئے15ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے دیہی آبادی بیماریوں سے محفوظ ہوگی اور یہ پروگرام ایک عبادت سے کم نہیں کیونکہ تعلیم اور صحت کی سہولتوں کے ساتھ صاف پانی تک رسائی بھی ہر شہری کا حق ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم متوازن ترقی کی پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔اسی لئے دیہی اورشہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے صرف کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام ‘‘کے تحت پنجاب کے کونے کونے میں سڑکیں بنائیں گے اور صاف پانی پراجیکٹ کے تحت ہر گھر میں پینے کا صاف پانی پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔عوام کی محنت کی کمائی عوام کی فلاح وبہبود پر ہی صرف کررہے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشہ68سالوں میں کرپشن نے ملک میں بے پناہ تباہی مچائی ہے ۔ترقیاتی منصوبوں کے نام پر غریبوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیااورقانون بے بس رہا ۔قانون کی موثر عمل داری کے ذریعے ہی کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔

کرپشن کوروکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اگر وسائل کی لوٹ مار اورکرپشن کا یہ سلسلہ جاری رہاتو پاکستان کبھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں کرپشن کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ پنجاب میں ترقیاقی منصوبوں میں شفافیت کی پالیسی اپنائی گئی ہے اوراگر کہیں کرپشن کی شکایت پیدا ہوتی ہے تو اس پر سخت ایکشن لیا جاتا ہے ۔

وسائل پرپہلا اور آخری حق صرف اورصرف عوام کا حق ہے اورکسی کو عوام کی محنت کی کمائی پر ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں انتہائی عاجزی کے ساتھ عرض کرتا ہوں کہ گزشتہ ساڑھے سات برس سے نیک نیتی اور ایمانداری سے صوبے کے عوام کی خدمت کررہے ہیں ۔انسان ہونے کے ناطے عوامی خدمت میں تو کوتاہی ہوسکتی ہے لیکن اﷲ تعالیٰ کا شکرہے کہ کوئی ہم پر ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا۔

میری ذات کے حوالے سے اگر ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ میرا گریبان ہوگا۔میں سیاست کو عبادت ،امانت، دیانت اورخدمت سمجھتا ہوں اوریہی قرآن پاک کے احکامات ہیں اور نبی پاکﷺ کی تعلیمات ہیں۔انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم اور اسلام کی تعلیمات یہی ہیں کہ حقداروں کو ان کا حق پہنچاؤ،غریبوں کی خدمت کرو اوران کیساتھ خندہ پیشانی سے پیش آؤاوریہی سیاست کا بھی مقصد ہونا چاہیے۔

محنت،امانت اوردیانت کو اپنا اوڑھنا بچھونابنانا ہی سیاست کا نچوڑ ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے بلدیاتی انتخابات کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ2013ء میں عوام نے وزیراعظم نوازشریف کو بھر پور مینڈیٹ دیا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں عوام نے ایک بار پھر نواز شریف کی قیادت اورپالیسیوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج عام انتخابات 2013 ء کے نتائج پر مہر تصدیق ثبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام ان لوگوں کو آگے لائیں جو خدمت خلق کا جذبہ رکھتے ہوں اورصحیح معنوں میں عوام کے خادم ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی اور افسران کو صحیح معنوں میں عوام کا خادم بن کراپنے فرائض ادا کرنے ہیں ۔کسانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل میں اپنا موثر کردارادا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی منزل سے ہمکنارکرنا ہے۔اگر ہم تاریخ کا دھارا موڑنے،ملک وقوم کی تقدیر بدلنے اورپاکستان کو بین الاقوامی برادری میں اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کا عہد کرلیں اورمحنت ،امانت اوردیانت کو شعار بنا لیں تو انشاء اﷲ ہم اپنی منزل ضرور پالیں گے۔وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن کردیا ہے ۔

انشاء اﷲ اس سفر کو کامیابی سے طے کریں گے۔انہوں نے اراکین اسمبلی پر زور دیا کہ وہ عوام کا خادم بن کر ان کے مسائل حل کریں کیونکہ عوام نے ہی انہیں یہ بھاری ذمہ داری سونپی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو صحیح معنوں میں عوام کے خادم ہوں ،سڑکین بنائیں تو امین بن کر بنائیں اور اگر ادویات خریدیں تو پوری دیانتداری سے خریدیں ۔

شہباز شریف نے کہا کہ قانون کی عملداری کو مضبوط کرنے سے ہی ملک سے بیروزگاری اور غربت ختم ہو گی اور پاکستان دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکے گا ۔اس سے پہلے اراکین اسمبلی چوہدری محمد اشرف اور محمد ارشد ملک نے وزیر اعلیٰ کو خوش آمدید کہا اور ضلع میں ریکارڈترقیاتی کام کروانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈی سی او آصف اقبال چوہدری نے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں 20 ہزار 273 زمینداروں کو ریلیف پیکیج کے تحت امداد فراہم کی جائے گی جس پر 30 کروڑ 29 لاکھ روپے خرچ ہوں گے اور ان میں سے 7 ہزار 962 کا تعلق تحصیل ساہیوال اور 12 ہزار 311 کا تحصیل چیچہ وطنی سے ہے ۔