چائنا کٹنگ اورغیرقانونی تعمیرات سے کراچی شہر کا ماسٹر پلان تبدیل ہونے کا انکشاف

بدھ 11 نومبر 2015 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 نومبر۔2015ء)چائنا کٹنگ اورغیرقانونی تعمیرات سے کراچی شہر کا ماسٹر پلان تبدیل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نیب نے متعلقہ محکموں کیخلاف کارروائیاں شروع کردیں۔ نیب نے کے ایم سی کے محکمہ ماسٹر پلان پر چھاپہ مار کر متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا، نیب کے افسران نے ایک مرتبہ پھر رخ کیا ایس بی سی اے اور ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ کا جہاں کراچی کے اصل جغرافیہ اور اس میں وقتا فوقتا کی جانے والی تبدیلیوں سے متعلق تمام دستاویزات موجود ہوتی ہیں۔

چھاپے کے دوران سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے بلند عمارتوں ،خلاف قانون تعمیرات کا ریکارڈ جبکہ محکمہ ماسٹر پلان سے کراچی کے سابقہ اورموجود نقشوں کے عکس اور دیگر دستاویزات حاصل کی گئیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا دعوی ہے کہ یہ چھاپے اس تفتیش کے تسلسل کا حصہ ہیں جو شہر میں سرکاری زمینوں کی بندر بانٹ سے متعلق ہے۔ذرائع کے مطابق نیب حکام اس بات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں کہ پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں کون کون ملوث ہے۔ چائنا کٹنگ کی بے حساب اور غیرقانونی آمدنی میں کس نے کتنا حصہ وصول کیا،وہ کون سے افسران ہیں جنہوں نے رشوت کے عوض غیرقانونی تعمیرات کی اجازت دی ۔ اس کے علاوہ شہر کے ماسٹر پلان میں غیرقانونی تبدیلیوں کو بھی خاص طور پر دیکھا جائیگا.