میر پورخاص : پی ایس 67 کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 12 نومبر 2015 11:40

میر پور خاص(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 نومبر 2015 ء): میرپورخاص کےحلقہ پی ایس 67 میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ کا عمل جاری ہے، حلقے میں پیپلز پارٹی اور فنکشنل لیگ کے اُمیدوار آمنے سامنے ہیں جن کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے. میرپورخاص کے حلقہ پی ایس 67 میں پیپلز پارٹی کے امیدوار نور احمد بھرگڑی، فنکشنل لیگ کے غلام قادر منگریو اور ایم کیو ایم کے اعجاز قائم خانی سمیت نو اُمیدوار میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ پیپلزپارٹی کے ایم این اے میرمنور تالپور کے بھائی میر بہرام خان تالپور بھی آزاد حیثیت سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔حلقےمیں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37ہزار 1سو 71 ہے۔ 72 ہزار 5سو 76مرد اور 64ہزار 5سو 95خواتین حق رائے دہی استعمال کریں گی۔حلقے میں ضمنی انتخاب کی پولنگ کے لیے 104 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں 20 انتہائی حساس ہیں۔ پولیس اور رینجرز اہلکار حساس پولنگ اسٹیشنز میں اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس 67 کی نشست پیپلزپارٹی کے ایم پی اے جمیل بھرگڑی کی طبعی موت پر خالی ہوئی تھی.