جرمنی ،کیبن کریو ہڑتال، لفتھانزا کی 930 مزید پروازیں منسوخ

جمعرات 12 نومبر 2015 12:39

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کے کیبن کریو کی ہڑتال کی وجہ سے مزید 930 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ اس سے قبل عدالت نے اپنے فیصلے میں جہاز کے عملے کو اپنی ہڑتال جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق لفتھانزا کے عملے کی یہ ہڑتال اس فضائی کمپنی کی تاریخ کی بدترین ہڑتال میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔

اس ہڑتال کی وجہ سے جرمنی کا سب سے بڑا ہوائی اڈا فرینکفرٹ ایئرپورٹ ہی متاثر نہیں ہوا بلکہ ڈوسلڈورف اور میونخ کے ہوائی اڈے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ گزشتہ چار روز سے جاری اس ہڑتال کی وجہ سے لفتھانزا کو اب تک 28 سو پروازیں منسوخ کرنا پڑی ہیں جب کہ اس سے تین لاکھ مسافر متاثر ہوئے ہیں۔اس عمل کو لفتھانزا نے عدالت میں چیلنج کیا تھا، تاہم ڈارم شٹٹ کی لیبرکورٹ نے اس ہڑتال کو قانونی اور جائز قرار دیتے ہوئے اس کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

عدالت کا یہ فیصلہ فرنیکفرٹ اور میونخ کے ہوائی اڈوں پر لاگو ہوتا ہے۔لفتھانزا ایئرلائن کی طرف سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ جہازوں کے عملے کی یونین کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے ’مبہم‘ اور جرمن لیبر قانون کے منافی ہیں، تاہم عدالت نے یہ دعویٰ مسترد کر دیا تھا۔ اس ہڑتال کی وجہ سے فرینکفرٹ، میونخ اور ڈوسلڈوف سے لفتھانزا کی تمام پروازیں بند رہیں گی۔

دوسری جانب لفتھانزا کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے کہ جہاز کے عملے کی یونین کی جانب سے سامنے آنے والے مطالبے غیر واضح ہیں اور اب ادارہ اپنا ’اگلا قدم‘ اٹھائے گا۔اس سے قبل ایک عدالت نے کہا تھا کہ ڈوسلڈورف ہوائی اڈے پر عملے کے ارکان کی ہڑتال غیرقانونی ہے۔ تاہم یہ عدالتی فیصلہ صرف منگل کے دن کے لیے تھا اور اس وقت سامنے آیا، جب پروازیں معطل کی جا چکی تھیں۔

متعلقہ عنوان :