دور دراز پسماندہ علاقوں میں ٹیکنیکل سکول قائم کئے جارہے ہیں، پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنے والے طالب علموں کا اعزازیہ بڑھانے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں، وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت

جمعرات 12 نومبر 2015 14:33

اسلام آباد ۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں پیشہ وارانہ تربیت کے فروغ کے لئے ٹیکنیکل سکول قائم کئے جارہے ہیں جبکہ پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنے والے طالب علموں کا اعزازیہ بڑھانے کی تجویز پر غور کر رہے ہیں۔

جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری تنویر خان‘ ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی‘ نعمان وزیر‘ جنرل (ر) عبدالقیوم اور کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی کے سوالات کے جواب میں وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ نیشنل ٹریننگ بیورو میں بہت بہتری لائی گئی ہے۔ ماضی میں اس شعبہ کو نظر انداز کیا گیا ہے تاہم گزشتہ دو سال میں اس کے بورڈ کے چار اجلاس ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ٹریننگ بیورو میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تربیت دی جارہی ہے۔ یہاں کے تربیت یافتہ طالب علم نجی اداروں میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ لسبیلہ میں فشریز سے متعلق تربیتی انسٹیٹیوٹ بند پڑا ہے۔ یہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم وفاقی حکومت ان کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے تعاون فراہم کر رہی ہے۔ ملکی ترقی کے لئے پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت انتہائی اہم ہے۔

پاکستان میں ایک فیصد سے کم بچے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ ہم نے ووکیشنل ٹریننگ سکول کا نظام تیار کیا ہے جس میں چھٹی سے دسویں جماعت کے طالب علموں کو پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت بلوچستان‘ فاٹا اور جنویب پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پیشہ وارانہ تربیت کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ این ٹی بی میں عملی تربیت دی جارہی ہے نیوٹیک میں عالمی معیار کے مطابق 100 سے زائد کورسز کے نصاب تیار کئے ہیں جس سے صوبے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں این ٹی بی میں 2013-14ء میں 715 اور 2014-15ء میں 1148 طالب علموں کو تربیت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اچانک دورے بھی کئے ہیں جس سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ پیشہ وارانہ تربیت حاصل کرنے والوں کیلئے اعزازیہ بڑھانے پر غور کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :