الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی

جمعرات 12 نومبر 2015 16:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی۔ کراچی کے 6 اضلاع میں 5 ہزار 548 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔ 48 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے۔کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے 8 ہزار 2 سو 99 افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس میں سے اسکروٹنی اور دستبرداری کے عمل کے بعد 5 ہزار 548 امیدوار بلدیاتی انتخاب میں حصہ لیں رہے ہیں۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع جنوبی میں 617 امیدوار میدان میں جبکہ 9 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ضلع ملیر میں 1114 امیدوار انتخاب میں حصہ لیں گے جبکہ 6 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ ضلع غربی میں 1412 امیدوار میدان میں ہوں گے جبکہ 13 بلا مقابلہ اپنی منزل حاصل کر چکے ہیں۔ ضلع وسطی میں 788 امیدوار انتخابات لڑیں گے جبکہ 18 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ضلع شرقی سے 817 امیدوار میدان میں آئیں گے جبکہ 2 بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔ ضلع کورنگی میں 735 امیدوار الیکشن لڑیں گے جبکہ کوئی امیدوار بلا مقابلہ منتخب نہیں ہوا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے تمام اضلاع سے 2 ہزار 342 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے ہیں۔