7رکنی تحقیقاتی ٹیم نے سندر انڈسٹریل میں فیکٹری منہدم ہونے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی

جمعرات 12 نومبر 2015 20:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) وزئر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کی گئی 7رکنی تحقیقاتی ٹیم نے سندر انڈسٹریل میں فیکٹری منہدم ہونے کی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کر لی ۔ رپورٹ میں سانحہ کی بنیادی ذمہ داری مرحوم فیکٹری مالک اشرف پر ڈال دی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپلیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر فیکٹری چلتی رہی اور کمپلیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کی ذمہ داری محکمہ صنعت اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ نے نہیں نبھائی۔

7رکنی کمیٹی نے سیکرٹری انڈسٹریز کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں رپورٹ کو حتمی شکل دی۔ کمیٹی نے متعدد بار جائے حادثہ کا دورہ کیا اور قریبی فیکٹریوں میں بھی ایسی ہی مشینری کا معائنہ کیا۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی بلڈنگ کے انجینئر اور آرکیٹیکٹ تک نہ پہنچ پائی کیونکہ دونوں غائب پائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بلڈنگ کے انجینئرنگ اور ڈیزائن کے پہلو بھی انتہائی ناقص قرار پائے اور فیکٹری کی عمارت کا ڈھانچہ بھی ناپائیدار بتایا گیا جو مشینوں کی تھرتھراہٹ برداشت کرنے کے قابل نہیں تھا جبکہ فیکٹری کے سپروائزر نے کمیٹی کو بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالک کو دو روز پہلے عمارت کی خطرناک حالت بارے بتا دیا تھا لیکن اس کے باوجود مالک نے اپنی مرضی سے عمارت کی تعمیر جاری رکھی۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ محنت اور پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ نے اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھائیں اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے تعین کے لئے تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے محکمہ جاتی انکوائری کی سفارش کی گئی ہے۔