اوتھل، ٹریفک حادثے میں ڈاکٹر یاسین بلوچ جاں بحق،صوبائی وزیر صحت کے والد صالح بلوچ سمیت پانچ افراد شدید زخمی

حادثہ موٹرسائیکل اچانک سامنے آنے کے باعث پیش آیا

جمعرات 12 نومبر 2015 20:56

اوتھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) بیلہ کے قریب ٹریفک حادثے میں نیشنل پارٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسین بلوچ جاں بحق،صوبائی وزیر صحت کے والد صالح بلوچ سمیت پانچ افراد شدید زخمی ،حادثہ موٹرسائیکل اچانک سامنے آنے کے باعث پیش آیا ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روزنیشنل پارٹی بلوچستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری وسابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹریاسین بلوچ اپنے ساتھیوں کے ساتھ کارمیں کوئٹہ سے لسبیلہ کے علاقے وندرآرہے تھے کہ ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل سے 45کلومیٹر دورتحصیل بیلہ میں قومی شاہراہ پر ماہی پیر کے مقام پر اچانک ایک موٹر سائیکل سوار کار کے سامنے آگیا جس کو بچانے کی کوشش میں گاڑی موٹرسائیکل سے ٹکرا کرالٹ گئی جسکے نتیجے میں ڈاکٹر یاسین بلوچ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ کے والد صالح بلوچ اور ان کے دیگر دوساتھی بشیر احمد ولد نذر محمد بلوچ ،عبدالرسول ولد عبدالنبی اور موٹرسائیکل سوار جمعہ گل شدید زخمی ہوگئے واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ موقع پرپہنچ گئی اور ڈاکٹر یاسین کی نعش اور زخمیوں کو فوری طورپر سول ہسپتال بیلہ پہنچایا جہاں پر زخمیوں کو ابتدائی طبی امدادکے بعد کراچی منتقل کردیا گیا اس حوالے سے بتایا جاتاہے مین آرسی ڈی ماہی پیر کے مقام پر اچانک ایک موٹر سائیکل سوار سامنے آگیا جس کو بچاتے ہوئے حادثہ پیش آیا حادثے کی خبر پورے بلوچستان میں جنگل کے آگ کی طرح پھیل گئی اور لسبیلہ سے نیشنل پارٹی کے کئی عہدیدار بیلہ پہنچ گئے ۔