نریندر مودی برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کے مہمان کے طور پر تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ گئے

مودی کے دورے سے دونوں ممالک کے لیے ترقی کا ’اہم موقع ہوگا ٗڈیوڈ کیمرون

جمعرات 12 نومبر 2015 21:04

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی اپنے برطانوی ہم منصب ڈیوڈ کیمرون کے مہمان کے طور پر تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔مودی کو برطانوی پارلیمان کے دورے کے پہلے برطانیہ کی رائل ائیر فورس کی جانب سے سلامی دی جائے گی جس کے بعد وہ پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔نریندر مودی اپنے دورے کے پہلے دن ملکہ برطانیہ سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ وہ بھارت کے قومی ہیرو مہاتما گاندھی کے پارلیمان سکوائر میں نصب مجسمے کی جگہ کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ لندن کے ویمبلے سٹیڈیم میں لوگوں سے خطاب کریں گے۔دوسری جانب برطانوی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ مودی کے دورے سے دونوں ممالک کے لیے ترقی کا ’اہم موقع ہوگا۔کیمرون کے مطابق یہ دونوں ممالک کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ اِس دور کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں، دونوں ملک تاریخ، عوام اور روایات کے ذریعے سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور میرا عزم ہے کہ اِس موقعے کو اپنے دونوں ہاتھوں سے تھام لیں۔