Live Updates

کراچی کو پوری دنیا کے لیے ماڈل سٹی بنائیں گے، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کا اتحاد کراچی کے عوام کے لیے تبدیلی اور امید کا پیغام ہے اور موجودہ حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا

نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی کا تقریب سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی خالد صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا اتحاد کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائے گا۔یہ اتحاد کراچی کے عوام کے لیے تبدیلی اور امید کا پیغام ہے اور موجودہ حالات میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا۔ہم کراچی کو پوری دنیا کے لیے ماڈل سٹی بنائیں گے۔

وہ جمعرات کویونین کمیٹی 27 سمن آباد، گلبرگ سے جماعت اسلامی کے چیئرمین کے امیدوار سجاد حیدر دارا کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین کے امیدوار سجاد حیدر دارا، امیر جماعت اسلامی زون گلبرگ سعید عامر موسیٰ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد کراچی کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے،تعلیم کے شعبے کو بہتر بنانے اور معیار تعلیم کو بلند کر نے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تمام سر کاری ہسپتالوں کے معیار کو بہتر کیا جائے گا ۔طبی سہولتوں کو حقیقی معنوں میں بحال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کا موثر نظام وضع کیا جائے گا ۔شہر کو گرین اور کلین بنانے کے لیے نئے منصوبے شروع کریں گے ۔کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ جیسے اہم ادارے کی تباہی اور بر بادی کے عمل کو روکا جائے گا۔اس ادارے کے اندر پائی جانے والی خرابیوں کو دور کیا جائے گا اور اسے حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت کا ادارہ بنایا جائے گا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا ہم پر اعتماد کراچی کے تقدیر بدل دے گا۔تمام یونین کمیٹیوں میں ماڈل پارکس قائم کیے جائیں گے۔ہم کراچی کا ایک ایسا شہر بنائیں گے جو پوری دنیا کے لیے ماڈل ہو۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات