خطے کو ترقی دے کر بھی دہشت گردی کاخاتمہ کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم کا دورہ تاجکستان انتہائی اہمیت کا حامل رہا،کاسا1000منصوبہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے

تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کا ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دیئے جانے کے حوالے سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 23:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) تاجکستان کے صدر امام علی رحمن نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف فوجی حل ہی نہیں بلکہ خطے کو ترقی دے کر بھی کیا جا سکتا ہے، وزیراعظم نواز شریف کا دورہ تاجکستان انتہائی اہمیت کا حامل رہا،کاسا1000منصوبہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دیئے جانے کے حوالے سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین نے تاجک صدر کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی ۔ اس موقع پر تاجک صدر امام علی رحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کا ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، پاکستان آ کر بہت خوش ہوں اور مجھے یہاں بہت پیار اور عزت ملی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات ہیں، وزیراعظم نواز شریف کا دورہ تاجکستان انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے تجارتی تعلقات میں اضافہ تاجکستان کی اہم ترجیح ہے،پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت میں فروغ حوصلہ افزاء ہے،دونوں ممالک کے درمیان بہت سے معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ۔ تاجک صدر نے کہاکہ کاسا1000منصوبہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا عکاس ہے،پاکستان ، افغانستان اور تاجکستان کے درمیان معاہدوں پر جلد عملدرآمد چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کا خاتمہ اسمگلنگ کی روک تھام وقت کی اہم ترین ضروریات ہیں ، خطے کو ترقی دے کر بھی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ صرف صرف فوجی حل سے ہی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء ہمارا مشترکہ گھر ہے،امن اور خوشحالی میں سب کا مفاد ہے،خطے میں امن و خوشحالی کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :