Live Updates

نیاپاکستان اقلیتوں کے لئے مثال بنے گا، نریندرمودی شرمندہ ہوگا، عمران خان

آج پاکستان میں تحریک انصاف وفاقی جماعت ہے ،پیپلزپارٹی اورن لیگ صوبائی جماعتیں بن چکی ہیں نئے پاکستان کے قریب پہنچ گئے ہیں،عمرکوٹ میں جلسے سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 23:25

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ نیاپاکستان اقلیتوں کے لئے مثال بنے گا،اورنریندرمودی شرمندہ ہوگا،آج پاکستان میں تحریک انصاف وفاقی جماعت ہے ،پیپلزپارٹی اورن لیگ صوبائی جماعتیں بن چکی ہیں ،نئے پاکستان کے قریب پہنچ گئے ہیں ۔عمرکوٹ میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ گزشتہ دیوالی کنٹینرپرمنائی تھی آج عمرکوٹ میں ہوں ،دیوالی ہندوبرادری کومبارکبادپیش کرتاہوں ۔

انہوں نے کہاکہ اقلیت ہویااکثریت ملک میں رہنے والے سب پاکستانی ہیں ،پاکستان میں اقلیتوں کوبرابرکے حقوق حاصل ہیں ،بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والاسلوک سب کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہاکہ نئے پاکستان کے قریب پہنچ چکے ہیں ،نئے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کاتحفظ کریں گے ،نیاپاکستان اقلیتوں کے لئے ایسی مثال بنے گاکہ نریندرمودی شرمندہ ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شاہ محمودقریشی نے بتادیاکہ وہ تحریک انصاف چھوڑکرکہیں نہیں جارہے ۔انہوں نے کہاکہ آج واضح کرناچاہتاہوں کہ پرانااورنیاپاکستان کیاہے ،پرانے پاکستان میں امیرامیرتراورغریب غریب ترہوتاجارہاہے ،ہم نئے پاکستان میں غریبوں کیلئے پالیسی بنائیں گے ،نئے پاکستان میں بسنے والے لوگوں سے ٹیکس لیں گے ،اورغریبوں پرخرچ کریں گے ،ہم خیبرپختونخواہ سے غربت کم کرکے دکھائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ پرانے پاکستان میں سندھ اورپنجاب کی پولیس تحریک انصاف کے خلاف استعمال ہورہی ہے ،اورلوگوں پرظلم کررہی ہے ،ہم نے نئے پاکستان میں خیبرپختونخواہ کی پولیس کوغیرجانبداربنادیاہے ،ملک کی پولیس خیبرپختونخواہ کی پولیس کی طرح غیرجانبدارہونی چاہئے ،جس نے ہمارے وزیرکوگرفتارکرکے جیل میں ڈال دیا،نئے پاکستان کی پولیس کسی پرظلم نہیں کریگی۔

انہوں نے کہاکہ 8سال قبل ہرپاکستانی 33ہزارروپے کامقروض تھااورآج ہرپاکستانی ایک لاکھ10ہزارکامقروض ہے ،قرض لیکرحکمران عیاشیاں کررہے ہیں اورقرض کی قیمت عوام اداکررہے ہیں ،آئی ایم ایف نے حکمرانوں کومزید40ارب روپے کے ٹیکس لگانے کاکہاہے ۔انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخواہ میں سرکاری ہسپتالوں اورسکولوں کودرست کرکے دکھائیں گے ۔عمران خان نے کہاکہ پنجاب اورسندھ میں وزیراعلیٰ جوچاہتاہے بلدیاتی نمائندے وہی کرتے ہیں ،ہم نے بلدیاتی انتخابات کے بعدبلدیاتی نمائندوں کوآزادکردیاہے اوروہ اپنے فیصلے خودکرتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ نیاپاکستان تب بنے جب اختیارات نچلی سطح پرمنتقل ہوں گے ،وفاق صوبوں کوپاوردے اورصوبے اختیارات نچلی سطح پرمنتقل کرے ،مرکزسے اختیارات نچلی سطح تک آئیں گے تونیاپاکستان بنے گا۔انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں ایک نظریہ اورسوچ ہونی چاہئے ،تحریک انصاف نے چاروں صوبوں کے عوام کوایک سوچ دی ہم چاروں صوبوں کے عوام کومتحددیکھناچاہتے ہیں ،ان کامزیدکہناتھاکہ ایک وقت پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ ن پاکستان کی جماعتیں تھیں اب یہ جماعتیں صوبوں تک محدودہوگئی ہیں اورصوبائی جماعتیں بن چکی ہیں آج تحریک انصاف واحدوفاقی جماعت ہے ،جوچاروں صوبوں میں موجودہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات