کراچی: مون گارڈن معاملہ،ہائیکورٹ نے متاثرین کی درخواست نمٹادی

جمعہ 13 نومبر 2015 12:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ریلوے کی زمین پر تعمیر کیے گئے مون گارڈن کے فلیٹس عدالتی حکم پر سیل کئے گئے، متاثرین نے فیصلے پر عملدرآمد رْکوانے کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا لیکن اْن کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر نمٹادی گئی۔ریلوے کو آپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی کی متنازع زمین پر قائم مون گارڈن کے مکینوں کامعاملہ ہے، جنہوں نے فلیٹس خالی کرانے سے متعلق عدالتی فیصلے پر عملدرآمد روکنے کی درخواست دائر کی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاکہ ان کے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، انہیں بلڈر نے دھوکہ دیا ،یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی زیر سماعت ہے، اس لئے فی الحال فلیٹ خالی کرانے کے عمل کو روکا جائے۔

(جاری ہے)

سندھ ہائیکورٹ نے متاثرین کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے نمٹادی،عدالت نے حکم دیا کہ اگر متاثرین چاہیں تو زیر سماعت درخواست میں فریق بننے کی درخواست کر سکتے ہیں۔

اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عدالتی حکم کے باوجود کارروائی نہ کرنے پرتوہین عدالت کی درخواست پر آئی جی سندھ کو حکم دیا تھا کہ مون گارڈن کو 24 گھنٹے میں خالی کرایا جائے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کے بیان کے بعد معاملہ سندھ حکومت کے پاس آگیا ہے کیونکہ مذکورہ زمیں صوبائی حکومت کی ہے ۔