مظفرآباد ‘محکمہ برقیات کی روایتی نا اہلی‘ لڑی پاہل کا ٹرانسفارمر 6 دن گزرنے کے بعد بھی تبدیل نہ ہو سکا

جمعہ 13 نومبر 2015 13:16

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔13 نومبر۔2015ء)محکمہ برقیات کی روایتی نا اہلی۔ لڑی پاہل کا ٹرانسفارمر 6 دن گزرنے کے بعد بھی تبدیل نہ ہو سکا۔ علاقہ مکین اندھیرں کی نذر۔سخت سردی میں شدید مشکلات کا شکار۔طلبہ کی پڑھائی کا حرج ہونے لگا۔متعلقہ حکام ٹال مٹول سے کام لینے لگے۔اعلیٰ حکام سے رابطے کا مشورہ دینے لگے۔عوام علاقہ نے سنگین غفلت پر شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق چکوٹھی کے نواحی گاوٴں لڑی پاہل کا ٹرانسفارمر چھ روز قبل جل گیا تھا۔ محکمہ برقیات نے روایتی غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تا حال ٹرانسفارمر تبدیل نہیں کیا۔ علاقہ مکین شدید سردی میں اندھیرے میں رہنے پر مجبور ہیں۔ علاقہ مکینوں راشد اعوان، ساجد اعوان، ناصر، اختر، رضوان، نبیل اور دیگر نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسفارمر کی خرابی کی اطلاع متعلقہ حکام کو بار ہا دی گئی وہ بدستور ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں اور اعلیٰ حکام سے رابطے کا مشورہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سخت سردی میں بجلی کی عدم فراہمی سے علاقہ مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔طلبہ و طالبات کی پڑھائی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ عوام علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور لڑی پاہل میں ٹرانسفارمر نصب کیا جائے۔ بصورت دیگر احتجاج پر مجبور ہونگے۔جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر ہو گی۔