بھارت ریاستی دہشت گردی ، ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے ‘شاہین کوثر ڈار

جمعہ 13 نومبر 2015 14:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر محترمہ شاہین کوثر ڈار نے کہا ہے کہ بھارت ریاستی دہشت گردی ، ضد اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے ۔حق خود ارادیت ریاست جموں و کشمیر کے عوام کا بین الاقوامی تسلیم شدہ حق ہے اس پر کو ئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا ۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سرینگر آمد کے موقع پر کشمیریوں نے بھر پور احتجاج اوریوم سیاہ منا کر بھارت سے اپنی نفرت کا بھر پور اظہار اور پاکستانی پرچم لہرا کراور پاکستان کے حق میں نعرے لگا کر پاکستان سے اپنی لازوال محبت اور وابستگی کا واضع ثبوت دے دیا ہے ۔ بھارتی فوج اور حکومت طاقت کے زور پر کشمیریوں کے تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی ۔

(جاری ہے)

پوری دنیا جانتی ہے کہ مودی سرکار کے عزائم جارحانہ اور خطر ناک ہیں ۔ مودی نے آتے ہی بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں موجود مسلمانوں اور اقلیتوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے ۔ بہا ر کے الیکشن میں عوام نے مودی سرکار کی پالیسوں کے خلاف اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا جس سے بد ترین شکست کا سامنا کر نا پڑاجس سے ثابت ہوگیا ہے بھارتی عوام بھی مودی سے تنگ ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر محترمہ شاہین کوثر ڈار نے ذرائع ابلاغ کے نمائیندوں سے گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیر ی عوام کے انسانیت سوز کے بے دریغ قتل و غارت کے خلاف فوری طور پر نوٹس لے کر بھارت پر دباؤ ڈالے اور کشمیر یوں کو ان کا پیدائشی حق حق خود ارادیت دے ۔

کشمیر کی آزادی کے بغیر کسی دوسر ے آپشن پر کمپرو مائز نہیں کے جاسکتا ۔ ڈالروں کا پیکج دے کر کشمیر یوں کو خریدا نہیں جاسکتا ۔ کشمیر ی قوم بکتی ہے اور نہ ہی جھکتی ہے ۔شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، کشمیر کی آزادی تک جد و جہدآزادی جاری رہے گی ۔ کشمیر کی آزادی تک نہ چین سے بیٹھیں ہیں نہ بیٹھنے دیں گے۔ شاہین کوثر ڈار نے کہا کہ جنوبی ایشیا ء میں پائیدار امن کا قیام مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی ممکن ہے ۔

جب تک کشمیر یوں کو حق خود ارادیت مل نہیں جاتا خطے میں ایٹمی جنگ کے بادل منڈلاتے ہی رہیں گے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو سنجیدگی سے اس مسئلے کے حل کیلئے عملی طور پر کام کر نا چاہئے بصورت دیگر کشمیر میں لگنے والی آگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام ،کالے قوانین ختم کروائے جائیں اور بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے حقوق غضب کرنے سے باز رکھا جائے۔ حق خود ارادیت کشمیریوں کی منزل ہے اور کشمیریوں کو اپنی منزل تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کر ے ۔

متعلقہ عنوان :