ٹیوٹااور بلھے شاہ پیکیجنگ کے مابین نوجوانوں کیلئے ٹریننگ سے ہنر مند بنانے ،روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط

ٹریننگ پروگرام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قصور، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور اور ملتان میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کئے جائینگے ‘ چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ

جمعہ 13 نومبر 2015 17:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) ٹیوٹااور بلھے شاہ پیکیجنگ پرائیویٹ لمیٹڈکے مابین نوجوان نسل کیلئے ٹریننگ سے ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے، معاہدے کے مطابق ٹریننگ پروگرام گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قصور، گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلوے روڈ لاہور اور ملتان میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کئے جائینگے اورپھربعدمیں دیگر شہروں میں بھی شروع کئے جائینگے۔

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بلھے شاہ پیکیجنگ پرائیویٹ لمیٹڈ علی اسلم نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی،بلھے شاہ پیکیجنگ پرائیویٹ لمیٹڈکے افسران ہیکن مو لڈن، عاصمہ جاوید، امبرین حفیظ، محمد وسیم، شاہد حفیظ ،احمد رفیق ، ٹیوٹا افسران عبد القیوم ، اختر عباس بھروانہ، مصطفی کمال پاشا، مقصود احمد، عامر حسن، عائشہ قاضی، سرفراز انور اور دیگر ٹیوٹا افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے معاہدے کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 600سے 800ٹرینیز کو سالانہ ٹریننگ فراہم کی جائے گی۔ ٹیوٹا بلھے شاہ پیکجنگ پرائیویٹ لمیٹڈکی جانب سے رکھے گئے نئے ملازمین کو فیکٹر ی میں عملی کام کرنے سے پہلے ٹریننگ پروگرام دے گی تاکہ وہ مشینوں پر کام کرنے کیلئے باقاعدہ ماہر ہو جائیں اور بہتر کارکردگی دیکھاسکیں ۔

ان کورسز میں بیسک انڈسٹری انڈکشن کورس ،آن مشین سپیسفک ٹریننگ ، ویلیو ایڈڈ کورس برائے ڈی اے ای الیکٹریکل، مکینیکل اور کیمیکل کے علاوہ ایک اور دو سالہ سرٹیفکیٹ شامل ہیں ۔یہ کورسز ٹیوٹا اور بلھے شاہ پیکجنگ پرائیویٹ لمیٹڈکے تعاون سے تیار کئے جائیں گے ۔ٹیوٹا زیر تربیت ہنر مندوں کو اہانہ وظیفہ بھی دے گی۔ پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ کی طرف سے ٹیوٹا کی نگرانی میں امتحانات کا انعقاد اور کامیاب نوجوانوں کو سرٹیفکیٹس دئیے جائیں گے ۔

چیف ایگزیکٹیو آفیسر بی ایس پی علی اسلم نے اس موقع پر خطاب کرتے کہا کہ داخلہ ، آن جاب ٹریننگ اور کامیاب نوجوانوں کیلئے روزگار کا بندوبست کرے گی۔بلھے شاہ پیکجنگ پرائیویٹ لمیٹڈٹرینرز کی ٹریننگ اور ماسٹر ٹرینرز بھی فراہم گے۔دوران ٹریننگ میٹریل اور آلات بھی فراہم کرینگے۔