اوکاڑہ، آئندہ دو سال میں ملک میں بجلی و گیس کی اتنی پیداوار ہو جائیگی کہ لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائیگا،چوہدری علی عارف

بھاشا ڈیم مکمل ہوتے ہی گھر گھر بجلی میسر ہوگی ،سابق حکومتوں نے ملکی دولت ایمانداری سے خرچ کی ہوتی تو آج مسئلہ نہ ہوتا، رہنماء ن لیگ

جمعہ 13 نومبر 2015 17:40

اوکاڑہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء و سابق ٹکٹ ہولڈر این اے 144 چوہدری علی عارف نے کہا ہے کہ آئندہ دو سال میں پاکستان میں بجلی اور گیس کی اتنی پیداوار ہو جائے گی کہ لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے گا ۔ بھاشا ڈیم مکمل ہوتے ہی گھر گھر بجلی میسر ہوگی سابقہ حکومتوں نے ملکی دولت ایمانداری سے خرچ کی ہوتی تو آج لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ نہ ہوتا۔

دھرنے نہ ہوتے تو آج کئی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہوتے دھرنے دیکر ملکی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کو عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسترد کردیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل کمیٹی اوکاڑہ سے امیدوار برائے یوتھ کونسلر سہیل احمد مغل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں دھاندلی کا راگ الاپنے والوں کا صفایا ہوچکا ہے 19 نومبر کو بھی مسلم لیگ ن کلین سویپ کرے گی۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے نے روئی اور چاول کے کاشتکاروں کیلئے پیکج کا اعلان کیا تو مخالفین نے اس پیکج کو روکنے کیلئے ہر ہربہ استعمال کیا اور عدالت سے حکم امتناعی حاصل کر لیا اب حکم امتناعی ختم ہوا تو کاشتکاروں کو امدادی رقوم تقسیم ہورہی ہیں ۔ علی عارف چوہدری اور سہیل احمد مغل نے مزید کہا کہ اڑھائی برس سے ملک وزیراعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے 2013 ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان خوشحال ہے آئندہ اڑھائی برس میں ملک کو پر امن، محفوظ اور ترقی یافتہ بنانے میں مسلم لیگ ن کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کا ہر قدم عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کی جانب اٹھ رہا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے مزید کہا کہ سابق ایم این اے چوہدری محمد عارف کی کاوشوں سے اوکاڑہ میں چلڈرن میڈیکل کمپلیکس کے قیام سے شہریوں کو بچوں کے علاج کیلئے شہر سے باہر نہیں جانا پڑے گا ان کے بچوں کو تمام طبی سہولیات ان کے اپنے شہر میں میسر ہونگی ۔