جنرل ہسپتال میں آج بغیر پرچی فیس شوگر کے مفت ٹیسٹ کرنے کا اعلان

نوجوان ڈاکٹر شوگر اور دیگر بیماریوں کے بارے میں اپنا علم اور تحقیق بڑھائیں ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

جمعہ 13 نومبر 2015 19:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء )ذیا بیطس کے عالمی دن کے موقع پرکل بروز (ہفتہ ) کوجنرل ہسپتال میں فری شوگر کیمپ لگایا جائے گا جس میں مریضوں کے تمام ٹیسٹ فری کیے جائیں گے۔ کیمپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نامور طبی ماہرین اور معالجین مریضوں کو حفاظتی تدابیر سے آگاہ کریں گے۔اس موقع پر شوگر کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی واک اور سیمینار بھی منعقد ہوگا جس میں ڈاکٹرز، نرسز، نرسنگ طالبات، پیرامیڈیکل سٹاف اورممتاز سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔

یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے جمعہ کے روز اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بتائی۔اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر کیپٹن (ر) نیاز احمد،شوگر سپیشلسٹ ڈاکٹر عمران حسن خان کے علاوہ دیگر سینئر ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ آج جنرل ہسپتال میں فری شوگر کیمپ میڈیکل یونٹ ون کے زیر اہتمام منعقد کیا جائے گاجس میں مرد اور خواتین مریضوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فری شوگر کیمپ میں آنے والے کسی مریض سے پرچی فیس نہیں لی جائے گی کیمپ میں مختلف ادویہ ساز کمپنیاں اپنے سٹالز لگائے گی اور قرعہ اندازی کے ذریعے مریضوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے اجلاس کو بتایا کہ شوگر جیسے موذی مرض کا خوف مریضوں کے دلوں سے نکالنے کے لیے اور ان کی مناسب رہنمائی کے لیے سرجری ،میڈیکل، گائنی، یورالوجی ،امراض چشم اوربچوں کے سینئر ڈاکٹر بھی کیمپ میں موجود ہوگے۔

انہوں نے کہا کہ 14نومبر سے جنرل ہسپتال میں شوگر کے علاج کے لیے آنے والے تمام مریضوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ طریقے سے محفوظ رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ شوگر کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی وجوہات میں بسیار خوری،ورزش نہ کرنا اور خاندانی پس منظر شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر حضرات کو شوگر کے مریضوں کے علاج معالجے کے علاوہ انہیں حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کرنا چاہیے۔ڈاکٹر خالد محمود نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ شوگر اور دیگر بیماریوں کے بارے میں اپنا علم اور تحقیق بڑھائیں تاکہ عصر حاظر میں نوع انسانی کو درپیش بیماریوں کا قلع قمع کیا جاسکے۔